جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی نامور اداکارہ رمیا کرشنن فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ اور صنفی امتیاز پر پھٹ پڑیں۔
تجربہ کار اداکارہ رمیا کرشنن نے حالیہ دنوں میں فلمی صنعت کے اندر پائے جانے والے حساس موضوعات پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کی تائید کی کہ فلمی دنیا میں کاسٹنگ کاؤچ اور استحصال کا وجود ایک حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
رمیا نے کہا کہ چاہے زبردستی ہو، مرضی سے ہو یا کسی بھی شکل میں، یہ سب کچھ ہوتا رہا ہے اور ہوتا رہے گا کیونکہ ہماری انڈسٹری گلیمر سے بھرپور ہے اس لیے اس پر زیادہ بحث ہوتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کا استحصال ہر شعبے اور ہر جگہ موجود ہے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ استحصال کا معاملہ صرف خواتین تک محدود نہیں بلکہ یہ صنف سے بالاتر ہے، اور دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک بھی اس سے محفوظ نہیں۔
اس بات چیت کے دوران رمیا نے اپنے ابتدائی دور کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ماضی میں فلمی سیٹس پر خواتین فنکاروں کے لیے بنیادی سہولیات جیسے کہ واش رومز یا وینٹی کیراز تک دستیاب نہیں ہوتی تھیں اور اداکاراؤں کو کاروں میں بیٹھ کر گزارا کرنا پڑتا تھا جبکہ آج کے اداکاروں کو بہت زیادہ سہولتیں میسر ہیں۔