معروف پاکستانی کامیڈین و اداکار عابد چارلی کو دوبارہ طبیعت بگڑنے کی وجہ سے لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لاہور جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا ہے کہ اداکار کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت عابد چارلی کا علاج مفت کیا جا رہا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق طبی عملے کو اداکار کی خصوصی دیکھ بھال اور بہترین علاج یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ اسپتال انتظامیہ ان کی صحت کی صورتِ حال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔