اسٹیٹ بینک نے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر مالی سال 26ء کی سالانہ رپورٹ جاری کردی

فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر مالی سال 26ء کی سالانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق تمام اہم اقتصادی اظہاریے بہتر ہوئے ہیں۔ 

مرکزی بینک کے مطابق معیشت نے ملکی، عالمی اقتصادی دھچکوں کے مقابلے میں لچک دکھائی ہے۔ محتاط زری پالیسی، معاشی اصلاحات معاشی استحکام کو محفوظ رکھنے میں معاونت کی ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے کی اشیاء سازی کی بحالی سے حقیقی جی ڈی پی نمو میں اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2027ء میں حقیقی جی ڈی پی نمو 3.5 تا 4.5 فیصد کی حد میں رہنے کا تخمینہ ہے۔

ایس بی پی کے مطابق معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے درآمدات کا حجم بڑھا ہے، کارکنوں کی ترسیلات میں مضبوط نمو کے سبب مالی سال 26ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.1 فیصد تک محدود رہا۔

بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کی طرف سے زر مبادلہ کی بھاری خریداری اور پیشگی واجبات میں کمی سے زر مبادلہ ذخائر میں قابل قدر اضافہ ہوا ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق مشرقِ وسطی تنازع کے باوجود مالی سال 26ء کے دوران مہنگائی وسط مدتی ہدف 5.0 تا 7.0 فیصد کی بالائی حد کے قریب رہی۔ ایل نینو کی ابتر صورت حال زرعی منظر نامے کےلیے خطرہ ہے۔

ایس بی پی کا کہنا ہے کہ مالی سال 27ء میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر تا 1.0 فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے۔ مالی سال 27ء میں منگائی بتدریج کم ہو کر 5.0 تا 7.0 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی حد میں آجائے گی۔