چاہتے ہیں بھارت کیخلاف فائنل ایسا ہو جسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں: کوچ پاکستان فٹبال ٹیم

کوچ پاکستان فٹبال ٹیم نولبرٹو سولانو – فوٹو سوشل میڈیا

پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈکوچ نولبرٹو سولانو نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف فائنل ایسا ہو جسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔

ڈھاکا میں ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) چیمپئن شپ فائنل سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال کو بتدریج آگے لے جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں نے ملک کےلیے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ کھلاڑیوں نے میری کوچنگ میں جس طرح مثبت ردعمل دیا اس پر بہت خوش ہوں۔

قومی ٹیم کے کوچ نولبرٹو سولانو اور کپتان عبداللہ اقبال چیمپئن شپ ٹرافی کے ہمراہ موجود – فوٹو: سوشل میڈیا

نولبرٹو سولانو کا کہنا تھا کہ فائنل ہمیشہ مشکل مقابلہ ہوتا ہے، ہر ٹیم اپنے ملک کےلیے اعزاز جیتنا چاہتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ فائنل جیتنا کسی بھی ملک کےلیے بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے۔ بھارت کے خلاف فائنل میں تاریخ رقم کرنے کا موقع ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔

خیال رہے کہ 6 ملکی ساف چیمپئن شپ میں پاکستان کو گروپ اسٹیج کے دوران بھارت کے خلاف 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے مالدیپ کو 0-3 پھر سیمی فائنل میں میزبان بنگلادیش کو 0-1 سے ہرا کر فائنل کےلیے کوالیفائی کیا۔ 

علم میں رہے کہ پاکستان ٹیم پہلی مرتبہ ساف چیمپئن کے فائنل میں پہنچی ہے۔ جبکہ رواں سیز سے قبل پاکستان نے تین مرتبہ سیمی فائنل کھیلا اور 1997 کے ایڈیشن میں قومی ٹیم تیسری پوزیشن پر رہی۔