متنازع بیانات سے شہرت پانے والے بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا نے ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کے تنازع اور ڈپریشن کے دنوں پر خاموشی توڑ دی۔
رائنا 2025ء میں اپنے شو ‘انڈیاز گاٹ لیٹنٹ’ کے ایک بڑے تنازع کے بعد مشکلات میں گھر گئے تھے، جس کے باعث انہیں یوٹیوب سے شو کی تمام اقساط ہٹانی پڑی تھیں۔
تاہم 2026ء میں انہوں نے زبردست واپسی کرتے ہوئے شو کا دوسرا سیزن لانچ کیا۔ اب دوسرے سیزن کے اختتامی قسط میں سمے نے اس کٹھن دور کی روداد بیان کی ہے۔
سیزن 2 کے فائنل میں گفتگو کرتے ہوئے سمے رائنا نے کہا کہ تنازع کے وقت جب وہ کینیڈا میں تھے تو شدید ڈپریشن میں مبتلا ہو گئے تھے۔
انہوں نے انکشاف کیا، ’میں چیٹ جی پی ٹی سے پوچھتا تھا کہ تمہارے خیال میں سمے رائنا اپنا شو کب واپس لا سکے گا؟ جس پر جواب آتا تھا کہ ابھی کچھ واضح نہیں ہے۔ پھر میں لکھتا تھا کہ براہِ کرم ہاں کہہ دو۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ شو اس شاندار انداز میں واپس آئے گا۔‘
سمے نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ عالیہ بھٹ، ورون دھون، ہما قریشی، کرن اوجلا اور رفتار جیسے بڑے ستارے ان کے شو کا حصہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً جیل جانے کی نوبت سے لے کر عالمی ریکارڈ توڑنے تک گزشتہ دو سال انتہائی حیران کن رہے۔