بھارتی اداکارہ کاجل اگروال نے اپنی محبت کی کہانی بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ میں نے اپنے شوہر گوتم کچلو سے شادی سے قبل علیحدگی اختیار کر لی تھی اور کچھ عرصے تک دوسرے لڑکوں کو بھی ڈیٹ کیا تھا۔
کاجل اگروال نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ میری اور گوتم کی پہلی ملاقات ایک دوست کی شادی میں کچھ مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوئی تھی، ہم دونوں تقریباً 13 سال پہلے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے لگے تھے تاہم بعد میں میرا گوتم کے ساتھ بریک اپ ہو گیا، تاہم ہم دونوں نے دوستی برقرار رکھی۔
اداکارہ کے مطابق علیحدگی کے بعد دونوں نے دوسرے لوگوں کے ساتھ تعلقات قائم کیے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ہمیں احساس ہوا کہ ہم ایک دوسرے کے لیے ہی موزوں ہیں، کورونا کی وباء اور لاک ڈاؤن نے بھی ہمیں دوبارہ قریب آنے کا موقع فراہم کیا۔
کاجل نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ اس بار میں نے گوتم کے سامنے واضح کر دیا تھا کہ اب رشتہ صرف شادی کی صورت میں ہی آگے بڑھے گا، ورنہ دونوں اپنی راہیں جدا کر لیں گے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہم دونوں کو اپنی ذاتی زندگی پر توجہ دینے کا موقع ملا اور اکتوبر 2020ء میں ہم نے شادی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کاجل اور گوتم جنوری 2022ء میں پہلی بار والدین بنے تھے، 19 اپریل 2022ء کو ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔