روزمرہ کی معمولی بھول چوک اور سنگین ذہنی کمزوری میں فرق کیسے کریں؟

کیا آپ بھی اکثر اپنی چابیاں کہیں رکھ کر بھول جاتے ہیں یا کسی کا نام یاد رکھنے میں مشکل پیش آتی ہے؟ ایسے چھوٹے موٹے واقعات انسان کو پریشان کر دیتے ہیں کہ آیا یہ عام غفلت ہے یا کسی سنجیدہ ذہنی مسئلے کی شروعات۔

حال ہی میں ماہرینِ صحت نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ معمولی یادداشت کے کھو جانے اور طبی توجہ کے طلب گار مسائل میں واضح فرق ہوتا ہے۔

ماہرِ اعصاب کے مطابق یادداشت کسی ویڈیو ریکارڈنگ کی طرح کام نہیں کرتی۔ کسی بھی بات کو یاد رکھنے کے لیے پہلے اس پر توجہ دینا اور معلومات کو درست طریقے سے محفوظ کرنا ضروری ہوتا ہے۔

تھکن، تناؤ، ذہنی انتشار یا ملٹی ٹاسکنگ کی وجہ سے اکثر دماغ معلومات کو ٹھیک سے محفوظ نہیں کر پاتا، جسے ہم یادداشت کی خرابی سمجھ بیٹھتے ہیں۔

عمر بڑھنے کے ساتھ معلومات کو یادداشت سے واپس نکالنے کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ناکافی نیند، بے چینی، ضرورت سے زیادہ الکوحل کا استعمال، بعض دوائیں اور وٹامنز کی کمی بھی یادداشت پر اثرانداز ہوتی ہے۔

اگر کوئی بات کبھی کبھار بھول جائے تو یہ عام ہے، لیکن اگر بھولنے کا عمل بار بار دہرایا جانے لگے تو یہ پریشان کن ہے۔

یادداشت کا اس حد تک کم ہو جانا کہ وہ آپ کے روزمرہ کے کاموں، دفتر کی ذمہ داریوں یا سماجی تعلقات کو متاثر کرنے لگے، ایک واضح انتباہی سگنل ہے۔

ایک عام فرق یہ ہے کہ عام حالات میں انسان بھول کر خود یاد کر لیتا ہے یا یاد دلانے پر فوراً پہچان لیتا ہے، لیکن سنجیدہ عوارض میں یاد دلانے یا اشارے دینے کے باوجود بھی واقعہ یا نام یاد نہیں رہتا۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔