آئی سی سی نے 2035 تک بڑے مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے شیڈول کی منظوری دے دی

فوٹو: آئی سی سی 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2035 تک بڑے مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کی تاریخوں اور میزبانی کے شیڈول کی منظوری دے دی۔

آئی سی سی بورڈ نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے اجلاسوں کے بعد مینز کرکٹ ورلڈ کپ، ٹی 20 ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے شیڈول کی توثیق کی۔

منظور شدہ شیڈول کا آغاز 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے ہوگا، جبکہ 2035 میں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے ساتھ اس شیڈول کا اختتام ہوگا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ عالمی ٹورنامنٹس کا شیڈول کرکٹ کے عالمی نظام کا اہم حصہ ہے۔ ان کے مطابق یہ مقابلے کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے اور عالمی کرکٹ میں جگہ بنانے کی ترغیب ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے ٹورنامنٹس کے شیڈول کا طویل مدت کے لیے اعلان کرنے سے کھلاڑیوں اور رکن ممالک کو بہتر تیاری، اعلیٰ کارکردگی کے پروگرام اور منظم کرکٹ کیلنڈر بنانے میں مدد ملے گی۔

2028 کا ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد اگلا ایونٹ 2030 میں انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہوگا، جو 4 جولائی سے 4 اگست تک جاری رہے گا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2032 کا ایونٹ اکتوبر اور نومبر جبکہ 2034 کے ایڈیشن کے میچز جولائی اور اگست میں منعقد ہوں گے، تاہم ان کی میزبانی کے لیے مقامات کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اگلے سال جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد یہ ٹورنامنٹ 2031 میں برصغیر واپس آئے گا، جہاں بھارت اور بنگلادیش مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔

2031 کا ورلڈ کپ 9 اکتوبر سے 23 نومبر تک کھیلا جائے گا، جبکہ 2035 کے ایڈیشن کی تاریخیں 2 اکتوبر سے 18 نومبر مقرر کی گئی ہیں۔ 2035 کے ٹورنامنٹ کے میزبان ممالک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کو 2035 تک ہر دو سال بعد جون میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ 2029 اور 2031 کے فائنلز کی میزبانی کرے گا۔ 2029 کا فائنل 8 سے 12 جون جبکہ 2031 کا فائنل 12 سے 16 جون تک کھیلا جائے گا۔

2033 اور 2035 کے فائنلز کے میزبان ممالک کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ ان دونوں ایونٹس کے لیے بالترتیب 9 سے 13 جون اور 7 سے 11 جون کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق 2029 کی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں 9 سے 28 اکتوبر تک ہوگی، جبکہ اگلا ایڈیشن 2033 میں اکتوبر کے مہینے میں کھیلا جائے گا۔ 2033 کے ایونٹ کی میزبانی اور تاریخوں کی مزید تفصیلات بعد میں سامنے آئیں گی۔

اس وقت آسٹریلیا مینز کرکٹ ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن ہے، جنوبی افریقہ کے پاس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ٹرافی ہے، جبکہ بھارت مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی دونوں کا دفاعی چیمپئن ہے۔

لاس اینجلس اولمپکس کیلئے آئی سی سی کوالیفائر امریکا اور بنگلادیش میں ہوں گے۔