ٹیسٹ اوپنر صائم ایوب کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 26 اکتوبر 2026 کو ٹرائی سیریز کے تین میچوں میں محض 21 رنز بنانے کے بعد اسکواڈ سے رخصت پر بھیج دیا تھا، اور ان کی جگہ ٹی20 کپتان صاحبزادہ فرحان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے مطابق صائم ایوب ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنے کھیل کو وقت دینے کے خواہش مند تھے، البتہ حیران کن طور پر مسلسل ناقص پر فارمنس کے باوجود ٹیم کے ساتھ کھیلنے والے صائم ایوب جنھیں اب ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے 24 سالہ بیٹسمین اور دائیں ہاتھ کے آف بریک بولر منظر عام سے غائب ہیں، قائد اعظم ٹرافی گولڈ میں کراچی بلیوز کی ٹیم نے 15 نومبر کو شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں اسلام آباد کے مقابلے پر اپنا تیسرا میچ شروع کیا ہے، جہاں ابتدائی دو راؤنڈ کے بعد تیسرے راؤنڈ میں بھی پاکستان کیلئے 9 ٹیسٹ 20 ون ڈے اور 71 ٹی20 کھیلنے والے صائم ایوب غیر حاضر ہیں۔
کراچی بلیوز کی انتظامیہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ صائم ایوب فی الحال آرام کرنا چاہتے ہیں، جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ اور سلیکشن کمیٹی کے بااثر رکن عاقب جاوید کے مطابق صائم ایوب نے انہیں ٹیلی فون پر بتایا ہے کہ وہ ذہنی طور پر کرکٹ کھیلنے کیلئے فی الحال تیار نہیں ہیں اور انہیں ابھی مزید تھوڑا وقت درکار ہے۔