1989 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کراچی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، تاہم یہ مقابلہ دو عظیم کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور وقار یونس کے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز ثابت ہوا۔
صرف 16 سال اور 205 دن کی عمر میں سچن ٹنڈولکر نے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا۔ وہ اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے تیسرے کم عمر ترین کھلاڑی تھے۔ ان سے پہلے مشتاق محمد اور عاقب جاوید کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر تھے، سچن پہلی اننگز میں صرف 15 رنز بنا سکے اور وقار یونس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
کرکٹ کی غیر معمولی سمجھ بوجھ اور شکست سے نفرت نے ٹنڈولکر کو کم عمری ہی میں عظمت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ اسی سیریز کے دوران وقار یونس کی گیند ان کے چہرے پر لگی، لیکن وہ ہمت نہ ہارے اور دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔
دوسری جانب وقار یونس نے 17 سال اور 364 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 19 اوورز میں 80 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی ابتدائی کارکردگی نے مستقبل کے ایک خطرناک اور جارحانہ فاسٹ بولر کی جھلک دکھا دی تھی۔
پاکستان نے پہلی اننگز دس وکٹوں پر 409 اور دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنا کر ڈیکلئر کردی تھی، جبکہ بھارت نے پہلی اننگز میں 10 وکٹوں پر 262 اور دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے تھے۔
سچن ٹنڈولکر اپنے دور کے بہترین ترین بلے باز، کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی اور بلاشبہ کھیل کی تاریخ کی سب سے بڑی شخصیات میں سے ایک ہیں۔
ان کی بیٹنگ کی بنیاد خالص تکنیک پر تھی۔ بہترین توازن، غیر ضروری حرکات سے گریز، شاٹس کھیلنے میں غیر معمولی مہارت اور گیند کی آمد کا پہلے سے اندازہ لگانے کی صلاحیت ان کے کھیل کا نمایاں حصہ تھی۔ اگرچہ بیک فٹ پر سیدھے بلے سے کھیلا جانے والا شاٹ ان کی تھا، لیکن ان کے پاس اتنے زیادہ شاٹس تھے کہ کسی ایک کو ان کا مخصوص اسٹروک قرار دینا مشکل تھا۔
ٹنڈولکر کی بیٹنگ میں بظاہر کوئی کمزوری نہیں تھی۔ وہ وکٹ کے چاروں طرف، اگلے اور پچھلے دونوں قدموں سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ وہ ہر صورت حال کے مطابق اپنے کھیل میں تبدیلی لاتے اور دنیا کے مختلف ممالک میں ہر قسم کی پچ اور موسمی حالات میں رنز بناتے رہے۔
آسٹریلیا کے خلاف ان کی بعض بہترین اننگز سامنے آئیں، جو اس دور کی سب سے مضبوط ٹیم تھی۔ 19 سال کی عمر میں پرتھ کے واکا اسٹیڈیم کی تیز رفتار پچ پر بنائی گئی ان کی سنچری کو آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی بہترین اننگز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈان بریڈمین نے بھی ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
سچن کی پہلی ٹیسٹ سنچری 17 سال کی عمر میں اولڈ ٹریفورڈ میں انگلینڈ کے خلاف بنی، جس نے بھارت کو شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 25 سال کی عمر سے پہلے ہی وہ 16 ٹیسٹ سنچریاں بنا چکے تھے۔
سچن ٹنڈولکر 2000ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں 50 سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بنے جبکہ 2008ء میں برائن لارا کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے، بعد کے برسوں میں 13 ہزار ٹیسٹ رنز، 30 ہزار بین الاقوامی رنز اور بین الاقوامی کرکٹ میں 100 سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بنے۔
لٹل ماسٹر نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، تاہم ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریز بنانے کا ریکارڈ اب ویرات کوہلی کے پاس ہے۔
یہ بھی حیران کن ہے کہ ٹنڈولکر نے اپنی پہلی ون ڈے سنچری 79ویں میچ میں بنائی۔ تقریباً 37 سال کی عمر میں وہ ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بنے۔
سچن ٹنڈولکر 2011 کا کرکٹ ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ 2012 میں انہوں نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جبکہ 16 نومبر 2013 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا یادگار 200واں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا۔
دوسری جانب وقار یونس وہ فاسٹ بولر تھے جنہوں نے ریورس سوئنگ کو ایک نئی پہچان دی۔ 1980 کی دہائی میں جہاں بیشتر فاسٹ بولرز تیز اور شارٹ گیندیں کرنے کو ترجیح دیتے تھے، وہیں وقار یونس تیز رفتار کے ساتھ فل لینتھ گیندیں کرواتے تھے۔ بظاہر یہ وکٹیں حاصل کرنے کا آسان طریقہ نہیں تھا، لیکن ان کی گیندوں میں آخری لمحات میں پیدا ہونے والی غیر معمولی اِن سوئنگ بلے بازوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی تھی۔
ان کا بنیادی ہدف گیند کو بلے باز کے بجائے وکٹوں کے نچلے حصے، خصوصاً لیگ اسٹمپ یا بلے باز کے پیروں پر مارنا ہوتا تھا۔ نوجوانی میں وہ دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے تھے۔
وقار یونس کا تیز رفتار رن اَپ دیکھنے والوں کے لیے ایک شاندار منظر ہوتا تھا، تاہم اس انداز نے ان کے جسم پر غیر معمولی دباؤ بھی ڈالا۔ ان کی گیندوں کا ہدف براہِ راست وکٹیں حاصل کرنا تھا، اسی مہارت نے انہیں 200 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بولرز میں بہترین اسٹرائیک ریٹ کا حامل بنا دیا، بعد میں ڈیل اسٹین نے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
2003 میں کرکٹ کو خیرباد کہنے والے وقار یونس آج بھی ون ڈے کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز ہیں۔ انہوں نے 262 میچز میں 23 اعشاریہ 84 کے ایوریج کے ساتھ 416 وکٹیں حاصل کیں۔
وقار یونس نے منڈیلا ٹرافی کے دوران 1999 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک بنائی۔
یہی نہیں بلکہ وقار یونس کے پاس ون ڈے کرکٹ کا ایک اور منفرد ریکارڈ ہے۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ وقار یونس یہ کارنامہ 13 مرتبہ انجام دے چکے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے مرلی دھرن ہیں جو یہ کارنامہ صرف 10 مرتبہ انجام دے پائے ہیں۔