بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے ماں بننے کے بعد پیشہ ورانہ اور نجی زندگی میں توازن برقرار رکھنے میں شوہر وکی کوشل کے تعاون کو سراہا ہے۔
کترینہ کیف نے ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وکی کوشل اکثر مجھے کام سے وقفہ لینے اور خود کے لیے وقت نکالنے کی یاد دہانی کرواتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ زندگی میں مختلف کرداروں، چاہے وہ اداکارہ ہوں، کاروباری خاتون، بیوی یا ماں، ان سب کے درمیان توازن پیدا کرنے کے لیے خود کو وقت دینا ضروری ہے۔
کترینہ کیف نے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکی کوشل انتہائی معاون ہیں اور میری بے چینی میں سکون کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ بعض اوقات تمام ذمے داریاں نبھاتے ہوئے انسان تھکن اور دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے، ایسے میں خود کے ساتھ نرمی برتنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل 7 نومبر 2025ء کو بیٹے کے والدین بنے تھے، جس کا نام انہوں نے ویہان رکھا، جوڑے نے دیوالی کے موقع پر سوشل میڈیا پر بیٹے کی پہلی جھلک بھی شیئر کی تھی۔
کترینہ کیف آخری بار 2024ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’میری کرسمس‘ میں نظر آئی تھیں۔