پاکستانی اداکار دانیال راحیل نے سابقہ اہلیہ اور اداکارہ فریال محمود سے شادی اور طلاق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
احمد علی بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے دانیال راحیل کا کہنا ہے کہ ہم دونوں نے کورونا وباء کے دوران شادی کی تھی، جب دنیا غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار تھی، تاہم دونوں کی طبیعت اور مزاج ایک دوسرے سے مختلف تھے اور ہمیں جلد اس بات کا احساس ہو گیا تھا۔
اداکار کے مطابق ہم نے باہمی رضا مندی سے علیحدگی اختیار کی اور اس بات کا خیال رکھا کہ ایک دوسرے کو زیادہ تکلیف نہ پہنچے، ہم دونوں اچھے انسان تھے، لیکن ایک دوسرے کے لیے موزوں نہیں تھے۔
دانیال راحیل نے بتایا ہے کہ ہماری طلاق کا معاملہ میڈیا میں کبھی تنازع کا باعث نہیں بنا، کیونکہ دونوں ایک دوسرے کا احترام کرتے تھے اور ہم نے کبھی ایک دوسرے یا اپنے رشتے کے بارے میں منفی گفتگو نہیں کی۔
انہوں نے اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں اہل خانہ نے ہم سے کوئی سوال نہیں کیا اور نہ ہی یہ احساس دلایا کہ ہم نے پہلے ہی خبردار کیا تھا، بلکہ ہر مرحلے پر ہمارا ساتھ دیا۔
اداکار نے مزید انکشاف کیا ہے کہ جس واحد اداکارہ پر مجھے کبھی پسندیدگی کا احساس ہوا، وہ فریال محمود ہی تھیں اور میں نے اپنی پسند کی اسی اداکارہ سے شادی بھی کی تھی۔