پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد یوسف اور سابق ویمن کپتان ثناء میر کو پی سی بی ہال آف فیم 2025ء میں شامل کر لیا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات اور شاندار کارکردگی کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔
محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا۔
محمد یوسف نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 381 میچز کھیل کر 17 ہزار 300 رنز اسکور کیے، انہوں نے 2006ء میں ٹیسٹ کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں 1788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
دوسری جانب ثناء میر نے 226 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010ء اور 2014ء کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے۔
محمد یوسف اور ثناء میر سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں 14 عظیم کرکٹرز شامل تھے، جن میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد یوسف اور ثناء میر نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے ملکی کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔