پاکستانی اداکار خوشحال خان نے اداکارہ رمشا خان سے شادی اور شادی کے بعد ان کی میڈیا سے دوری کے فیصلے پر ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں اداکار نے اپنے یوٹیوب شو میں ایک ڈیجیٹل میڈیا کے میزبان کو مدعو کیا، جہاں انہوں نے نسلی تعصب اور پشتون شناخت کے حوالے سے پیش آنے والے ردِعمل پر بھی اظہارِ خیال کیا۔
26 سالہ اداکار خوشحال خان رواں سال اپریل میں 32 سالہ اداکارہ رمشا خان سے شادی کر چکے ہیں، تاہم دونوں ان دنوں سوشل میڈیا سے دور ہیں۔
انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی شادی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے ہوئے شادی کے بعد اہلیہ رمشا خان کی سوشل میڈیا سے دوری پر ہونے والی تنقید کا بھی جواب دیا۔
گفتگو کرتے ہوئے خوشحال خان نے کہا کہ انٹرنیٹ سے اچانک غائب ہونے کا ہمارا کبھی کوئی ارادہ نہیں تھا، میں کون ہوتا ہوں کسی کو اپنی مرضی کے مطابق چلانے والا؟ چاہے وہ میری اہلیہ ہوں، بھائی، خاندان کے افراد یا دوست ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ مکمل طور پر رمشا کا اپنا تھا، جو انہوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں کا ردِعمل دیکھنے کے بعد کیا، اس فیصلے میں میرا کوئی کردار نہیں تھا۔
اداکار نے کہا کہ میں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ واقعی میڈیا سے دور رہنا چاہتی ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ہاں! میں یہی چاہتی ہوں، اگر آپ نے مستقبل میں بھی مجھے واپس آنے پر مجبور کیا تو میں اس کے لیے تیار نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنی زندگی کے فیصلے خود کرتے ہیں تو لوگوں کو اس پر اعتراض کیوں ہوتا ہے؟ رمشا الحمد لِلّٰہ خوش ہیں اور ہماری نیت بالکل واضح ہے۔
خوشحال خان نے کہا کہ جب ہماری شادی ہو رہی تھی تو پشتونوں کے خلاف جس طرح کی مخالفت اور تعصب دیکھنے میں آیا، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اسے نسل پرستی کہوں یا نفرت، لیکن وہ ناقابلِ یقین تھا۔
انہوں نے کہا کہ رمشا یوسفزئی پٹھان ہیں اور ہماری قومیت کی وجہ سے ہمیں بہت زیادہ تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی پنجابیوں کے خلاف کوئی بات نہیں کی، میرے سندھی دوست بھی ہیں اور وہ نہ پسماندہ ہیں اور نہ ہی دقیانوسی سوچ رکھتے ہیں، آخر لوگ مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ مخصوص منفی تصورات کیوں جوڑ دیتے ہیں؟