پاکستان پہلی مرتبہ ساف فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔
پاکستان فٹبال ٹیم نے نئی تاریخ رقم کردی، میزبان بنگلادیش کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
عبدالصمد کے فیصلہ کن گول نے پاکستان کو تاریخی کامیابی دلائی۔ قومی ٹیم اب 17 نومبر کو فائنل میں روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گی۔
ساف فٹبال کے ایکشن سے بھرپور مقابلے پاکستان کے پہلے اسپورتس چینل جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جا رہے ہیں۔
ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ساف فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان بنگلا دیش کو ایک صفر سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔
میچ میں بنگلا دیش کا بال پر زیادہ قبضہ رہا لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے حملے ناکام بنائے۔ میچ کے 86 ویں منٹ میں عبدالصمد نے حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر بائیں پاؤں سے شاندار گول اسکور کیا اور پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔
آخری لمحات میں بنگلا دیش نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے برتری برقرار رکھی۔
میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور ناخوشگوار رویے کے واقعات بھی سامنے آئے جبکہ آخری لمحات میں بنگلادیشی پلیئرز بھی پاکستانی فٹبالرز سے الجھتے رہے لیکن پاکستان ٹیم نے اعصاب پر قابو پایا اور میچ کا اختتام پاکستان کی ایک ۔ صفر کی برتری پر ہوا۔
نولبرٹو سولانو کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم اب پہلی بار ساف چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک فتح دور ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔