نشے کے عادی شخص کو مریض سمیت ایمبولینس چوری کرنے کے جرم میں 21 ماہ قید کی سزا

سزا یافتہ مجرم(تصویر: بی بی سی)

برطانیہ میں نشے کے عادی ایک شخص کو ایک بزرگ مریض اور پیرامیڈک سمیت ایمبولینس چوری کرنے کے جرم میں 21 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ مارشل لیس نے اسٹوک آن ٹرینٹ کے رائل اسٹوک یونیورسٹی اسپتال کے باہر سے ایمبولینس چوری کی اور پولیس کے تعاقب کے دوران تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹریفک سگنل بھی توڑتا رہا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اگر ایمبولینس حادثے کا شکار ہو جاتی تو اس میں موجود مریض کی موت واقع ہو سکتی تھی۔ بعد ازاں لیس نے نیوکاسل انڈر لائم میں اے 34 شاہراہ پر واقع ایک پیٹرول پمپ پر گاڑی روک دی اور فرار ہو گیا، تاہم پولیس کے سراغ رساں کتے نے اسے قریب ہی ایک جگہ چھپے ہوئے ڈھونڈ نکالا۔

32 سالہ مارشل لیس اسٹوک آن ٹرینٹ کراؤن کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے 25 مارچ کو ایمبولینس چوری کرنے کے واقعے کے بعد غیر قانونی طور پر کسی شخص کو قید رکھنے اور سنگین نوعیت کی گاڑی چوری کرنے کے الزامات پہلے ہی تسلیم کر لیے تھے۔

کراؤن کورٹ میں معا ملے کی سماعت ہوئی، عدالت کو سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پیش کی گئی جس میں حالات کی سنگینی پر روشنی ڈالی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ایمبولنس میں 80 سالہ ایک مریض موجود تھا، ایک طبی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم شراب اور منشیات فروشی کرتا تھا۔

اسٹافورڈ شائر پولیس کے مطابق چور ایمبولنس کو قریبی جنگل میں لے گیا اور وہاں سے بھاگ نکلا، ابتدائی طور پر جب اسے پکڑا گیا تو اس نے صحت جرم سے انکار کیا مگر کھوجی کتے نے اسکا جھوٹ پکڑوا دیا۔