پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارتی ٹیم کو جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے ٹیم کے جارحانہ رویے پر تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں احمد شہزاد نے کہا کہ ٹورنامنٹ جیتنے پر بھارت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستانی انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی بھی قابلِ تحسین ہے۔ پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا۔
احمد شہزاد نے کہا کہ جیت کا جشن خوشی اور مسرت کا اظہار ہونا چاہیے، اسے جارحانہ رویوں یا غیر ضروری اشتعال انگیزی کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ یہ نوجوان کھلاڑی ہیں اور ہمیں انہیں سکھانا چاہیے کہ کھیل کی روح صرف جیت یا ہار تک محدود نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سینئر کھلاڑیوں کی بعض روایات نوجوانوں میں بھی منتقل ہو رہی ہیں، جنہیں بدلنے کی ضرورت ہے۔
احمد شہزاد نے مزید کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم کھیل کے میدان میں احترام، برداشت اور حقیقی اسپورٹسمین اسپرٹ کو فروغ دیں، فخر کے ساتھ جیتیں، بھرپور جذبے سے مقابلہ کریں، لیکن ہمیشہ کھیل اور اپنے حریف کا احترام کریں۔
خیال رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
العمرات میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 337رنز بنائے، بھارت نے ہدف 9 وکٹ پر آخری گیند پر حاصل کرلیا۔
انڈر 19 کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ رنز کے اعتبار سے سب سے بڑا مقابلہ تھا، جس میں دونوں سائیڈز نے مجموعی طور پر 676 رنز بنائے۔