چین و امریکا 30 ارب ڈالرز کے باہمی ٹیرف میں کمی پر تبادلۂ خیال

—فائل فوٹو

چین اور امریکا کے درمیان تجارتی کونسل کا پہلا اجلاس ہوا ہے جس میں 30 ارب ڈالرز کے باہمی ٹیرف میں کمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزارتِ تجارت کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی مشاورتی نظام کے تحت تجارتی کونسل کا پہلا اجلاس گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔

بیان کے مطابق اجلاس میں فریقین نے گزشتہ تجارتی مشاورت کے نتائج پر عمل درآمد کے حوالے سے تعمیری بات چیت کی۔

دونوں جانب سے 30، 30 ارب ڈالرز کے باہمی ٹیرف میں کمی کے انتظامات، زرعی تجارت اور دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

چینی وزارتِ تجارت کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک تجارتی خدشات دور کرنے، باہمی تعاون کو وسعت دینے اور تصفیہ طلب مسائل کو کم کرنے کے لیے اس کونسل کا استعمال جاری رکھیں گے۔