موسیقی میں اے آئی کا استعمال جرم، پاک بھارت فنکاروں کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا جائے: راحت فتح علی خان

—تصویر بشکریہ رپورٹر

پاکستان کے معروف گلوکار اور پاکستان حکومت کی جانب سے نامزد امن کے سفیر راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ موسیقی ایک یونیورسل سچائی ہے، جیسے ہوا اور موسم ہیں، ویسے ہی موسیقی ہے اور اس کی کوئی سرحد نہیں، جس طرح بادِ صبا اپنے وقت پر پوری دنیا میں چلتی ہے، اسی طرح موسیقی کی بھی کوئی باؤنڈری نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکساس آمد پر نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔

 راحت فتح علی خان نے کہا کہ موسیقی روح کی غذا ہے، دلوں کو جوڑتی ہے، ٹوٹے ہوئے دلوں کی مرمت بھی کرتی ہے، بعض اوقات انسان اپنے جذبات اور دکھ کا اظہار بھی موسیقی ہی کے ذریعے کرتا ہے، موسیقی کے بہت سے پہلو اور رنگ ہیں، اسی لیے میں اسے یونیورسل سچائی سمجھتا ہوں۔

فنکاروں کو ملکوں کا سفیر قرار دیے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کی آوازیں دنیا بھر میں جاتی ہیں، اسی طرح بھارت کی آوازیں پاکستان آتی ہیں اور یہاں پسند کی جاتی ہیں اور پاکستانی آوازیں وہاں بھی پسند کی جاتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے امن کا سفیر نامزد ہوں اور دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کی نمائندگی کرتا ہوں، میری ذمے داری ہے کہ پاکستان کا یہ نرم چہرہ اپنی موسیقی کے ذریعے دنیا کو دکھاؤں اور اس پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔

پاکستانی فنکاروں کے بھارت نہ جانے سے متعلق اور بھارت میں وہ کن گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر یہ پابندی ختم ہو تو مجھے اے آر رحمٰن کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگے گا، کیونکہ میں نے اب تک ان کے ساتھ کام نہیں کیا۔

انہوں نے سونو نگم اور ارجیت سنگھ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ میں سونو بھائی کو بہت یاد کرتا ہوں، جبکہ ارجیت سنگھ کے ساتھ اب تک کوئی مشترکہ کام نہیں ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کی حکومتیں مل بیٹھ کر سرحدوں کے معاملات پر بات کریں اور مسائل کے حل کی طرف بڑھیں تو یہ پاکستان، بھارت اور پورے خطے کے لیے خوش آئند ہو گا۔

 استاد راحت فتح علی خان نے کہا کہ میں بھارتی فنکاروں اور گلوکاروں کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہوں، میری تجویز ہے کہ بھارتی فنکاروں، گلوکاروں کو پاکستان آنا چاہیے اور جب بھی وہ پاکستان آئیں پاکستان انہیں ریاستی مہمان کا درجہ دے کر مکمل پروٹوکول دے اور اسی طرح بھارت بھی پاکستانی فنکاروں کو ریاستی مہمان کا درجہ دے کر بلائے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان کدورتیں اور موجودہ گرما گرمی بہت حد تک کم ہو سکتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے بھی فاصلے کم ہو سکتے ہیں، اس لیے کرکٹ اور خاص طور پر کبڈی کے میچ بھی ہونے چاہئیں، موسیقی، اداکاری، آرٹ اور ثقافت سے وابستہ لوگوں کا آنا جانا ہونا چاہیے، دونوں ممالک اپنی سرحدیں مضبوط رکھیں، مگر یہ رابطے ضرور برقرار رہیں۔

بھارت سے آفرز اور مختلف مسائل سے متعلق سوال پر راحت فتح نے کہا کہ اللّٰہ کے کرم کے بعد فینز اور فین کلب ہی اصل طاقت ہیں، اس طرح کوئی بلائے یا نہ بلائے، اس سے فرق نہیں پڑتا اور اس طرح پاکستان میں بھی بہت سے لوگ بھارتی گلوکاروں کو پسند کرتے ہیں، وہ یہاں آئیں یا نہ آئیں، لوگ انہیں خوش دلی سے سننتے ہیں کیونکہ عوام ہی اصل طاقت ہوتے ہیں۔

مصنوعی ذہانت کے بارے میں راحت فتح علی خان نے سخت موقف اختیار کیا، اپنی اے آئی سے بنی آواز کی کاپی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اے آئی کو فی الفور بند کرنا چاہیے، کیونکہ بڑے بڑے فنکاروں کے چہرے اپنی مرضی سے تبدیل کیے جا رہے ہیں، فنکاروں کا چہرہ اور وجود اللّٰہ تعالیٰ نے بنایا ہے، ہر چیز کی ایک پاکیزگی اور خالص پن ہوتا ہے اور اے آئی اس میں ملاوٹ کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ میں کبھی اے آئی کی حمایت نہیں کروں گا، یہ فلم اور میوزک انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے اور ایسے استعمال کو بڑا جرم قرار دیا جانا چاہیے، یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اے آئی سے بنے گانے اپ لوڈ نہیں ہونے چاہئیں، تمام ممالک کو اس ضمن میں اے آئی پر پابندی لگانی چاہیے۔

اپنے خاندان کی 600 سالہ قوالی کی روایت اور اگلی نسل کے حوالے سے متعلق راحت فتح نے کہا کہ میرا بیٹا شاہ زمان اپنی عمر میں جو کام کر رہا ہے، وہ میں نے بھی اس عمر میں نہیں کیا تھا، وہ بہت ذہین ہے، کلاسیکل موسیقی کو باخوبی سمجھتا اور عملی طور پر گاتا ہے، اسے لے کاری کا بہت اچھا تجربہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ راگ سکھائے جا سکتے ہیں، لیکن لے کاری کسی کو سکھائی نہیں جا سکتی ، یہ انسان کے اندر پیدائشی ہوتی ہے اور شاہ زمان میں یہ خداداد صلاحیت موجود ہے، اسے روحانی مدد بھی حاصل ہے اور یہ بیڑا شاہ زمان ہی اٹھائے گا اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس کے کندھے یہ ذمے داری اٹھانے کے لیے مضبوط ہیں۔

سامعین کی اس رائے پر کہ شاہ زمان کی آواز میں استاد نصرت فتح علی خان بولتے ہیں، راحت فتح علی خان نے مشہور کہاوت ’باپ پہ پوت، پِتا پہ گھوڑا، بہت نہیں تو تھوڑا تھوڑا‘ سنائی۔

 انہوں نے کہا کہ میں خود استاد نصرت فتح علی خان کا لے پالک بیٹا ہوں اور شاہ زمان میرا بیٹا ہے، یوں وہ خان صاحب کا پوتا ہوا جبکہ جینز بھی ایک ہی ہیں، تاہم استاد نصرت فتح علی خان ایک ہی تھے، ان جیسا کوئی نہیں ہو سکتا اور اس صدی میں ان جیسا کوئی نظر نہیں آتا۔

استاد نصرت فتح علی خان سے وابستہ ایک ناقابلِ فراموش یادگار واقعہ سناتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ امریکا میں سان فرانسسکو کے گریک تھیٹر میں ایک پروگرام تھا، ان دنوں خان صاحب ڈائیلیسز پر تھے اور ان کی طبیعت بہت خراب تھی، جب وہ اللّٰہ ہو گا رہے تھے تو ان کے ہاتھ کانپ رہے تھے اور سب پریشان تھے، مگر گاتے گاتے ان کی طبیعت سنبھل گئی، پھر جب انہوں نے علی دا ملنگ گایا اور مولا علی کا نام آیا تو نہ جانے ان کے اندر کہاں سے توانائی آ گئی اس طرح وہ پروگرام تین چار گھنٹے جاری رہا اور تمام حاضرین جھوم اٹھے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ہارمونیم، 1 طبلہ اور 4 تالیاں بجانے والے، بس اتنا ہی ساز و سامان تھا اور اسی گروپ کے ساتھ خان صاحب نے دنیا فتح کی، وہ کلام صرف خان صاحب ہی گا سکتے تھے، تاہم فرمائش پر انہوں نے اس کے چند مصرعے گنگنا کر بھی سنائے۔

یوٹیوب پر موجود اس ویڈیو کے بارے میں جس میں وہ اکھیاں اڈیک دیاں گاتے ہوئے روتے نظر آتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ یہ خان صاحب کے چہلم کا واقعہ ہے، جس طرح خان صاحب کی دستار بندی ان کے دادا کے انتقال کے چالیسویں دن ہوئی تھی، اسی طرح خان صاحب کے انتقال کے چالیسویں دن میری دستار بندی ہوئی اور مجھے باضابطہ ان کا جانشین قرار دیا گیا، میں اکثر خان صاحب کے ساتھ یہ کلام گایا کرتا تھا اس دن یہ کلام میں نے گایا تو برداشت نہ ہو سکا اور سب زار و قطار رونے لگے، خان صاحب کے انتقال کے بعد یہ میری پہلی پرفارمنس تھی۔

قوالی کے دوران پیسے پھینکنے کی روایت کے بارے میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ یہ نذرانۂ عقیدت ہوتا ہے، لیکن پیسے پھینکنے کا انداز غلط ہو سکتا ہے، پہلے میں خود بھی ایسا کرتا رہا، مگر بعد میں مجھے احساس ہوا کہ اس سے آرٹ کی قدر و منزلت میں کمی آ سکتی ہے، نذرانۂ عقیدت چھپا کر دیا جاتا ہے، دکھا کر نہیں، بزرگانِ دین کی محافل میں نذرانہ پیر صاحب کے پاس رکھ کر کپڑے سے ڈھانپ دیا جاتا ہے، پیسے پھینکنا معیوب انداز ہے، پیسے کی بھی قدر کرنی چاہیے۔

پاکستان میں صوفیانہ موسیقی کے مستقبل کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے لوگوں کو یہ معلوم ہونا ضروری ہے کہ قوالی ہے کیا، تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی اور یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے قوالیاں نہیں، غزلیں ہیں، جنہیں استاد نصرت فتح علی خان نے جدت کے ساتھ قوالی کے انداز میں پیش کیا، قوالی کا اصل چہرہ بزرگانِ دین کا لکھا ہوا کلام ہی ہے، جسے باوضو ہو کر پڑھا اور سنا جاتا ہے اور ایسی روحانی محافل میں غزلیں پڑھنا معیوب سمجھا جاتا ہے۔

 غزلوں کو قوالی کا رنگ دینے سے متعلق سوال پر راحت فتح نے کہا کہ رنگ دینا الگ بات ہے، قوالی کا اپنا چہرہ الگ ہے اور یہ اسی سے نکلی ہوئی ایک اختراع ہے، اب یہ لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ کس چیز کی قدر کرتے ہیں۔

 آئندہ منصوبوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ میرے اپنے میوزک چینل پر جلد نئے پنجابی اور اردو گانے ریلیز ہوں گے۔

اپنے حالیہ اسٹریٹ انٹرویو کے حوالے سے متعلق وائرل ویڈیو جسے جنگ سے متعلق بیان کے طور پر پیش کیا گیا، راحت فتح علی خان نے اس کی وضاحت کی ہے کہ وہ جنگ سے متعلق سوال نہیں تھا بلکہ دنیا کے لیے پیغام سے متعلق سوال تھا جبکہ میں اس وقت جلدی میں تھا اور سوال کرنے والے کا انگریزی لہجہ ایسا تھا کہ بات پوری طرح سمجھ بھی نہیں آ سکی جس پر لوگوں نے بات کو کچھ اور رنگ دے دیا۔

 انہوں نے کہا کہ بعد میں پریس کانفرنس میں میں نے واضح کر دیا تھا کہ ہمیں جنگ نہیں، امن چاہیے، پیار اور محبت چاہیے، جنگ کسی صورت فائدہ مند نہیں، اور انسانوں کے لیے تو کبھی بھی نہیں۔