ناروے کے گلوکار ولیم گیمبورگ نے پاکستانی گانے ’ہیر‘ کو اپنی آواز میں پیش کر دیا

—فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

ناروے کے گلوکار ولیم گیمبورگ نے مشہور پاکستانی گانے ’ہیر‘ کو اپنی آواز میں پیش کر دیا۔

ولیم گیمبورگ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر میوزک کے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی ہے۔

اُنہوں نے پاکستانی گانا ’ہیر‘ اپنی آواز میں گاتے ہوئے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی اور کیپشن میں لکھا ہے کہ میری آواز میں یہ پورا گانا میرے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

اس سے قبل لاہور کے دورے کے دوران پاکستانی گانوں کی گائیکی سے ولیم گیمبورگ کو جنوبی ایشیاء میں خاصی شہرت ملی تھی۔

وہ اکتوبر 2026ء کے آخری ہفتے میں لاہور آئے تھے، جہاں انہوں نے سُرتال میوزک اکیڈمی کے بچوں کے ساتھ اردو اور پنجابی گانے گائے، اس دوران ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں۔

وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بچوں کو پاکستانی گانا ’الفاظ‘ گاتے ہوئے دیکھا گیا اور ولیم گیمبورگ بھی ان کے ساتھ گاتے اور موسیقی سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔

انہوں نے اس یادگار تجربے کے بارے میں کہا ہے کہ میں اس لمحے کو کبھی فراموش نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ پاکستانی گانے ’ہیر‘ کو اصل میں علی رضا اور شجر حسین کی آواز میں گزشتہ سال جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا۔