انتقال سے کچھ دیر قبل میں نے والدہ کو کلمہ پڑھایا تھا: جان ریمبو

—فائل فوٹو

پاکستانی فلموں اور ٹیلی ویژن کے معروف اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو نے اپنے بیٹوں سے متعلق وائرل ہونے والے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بچوں پر فخر ہے اور میرے بیٹے انتہائی فرمانبردار ہیں۔

جان ریمبو کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں وہ اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے تھے اور نوجوان نسل کو والدین کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم اس ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کرتے ہوئے یہ تاثر دیا گیا کہ ان کے بیٹے انہیں وقت نہیں دیتے۔

افضل خان نے ایک نئی ویڈیو میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ جیسی اولاد کسی کی نہیں، مجھے اپنے بیٹوں پر فخر ہے اور ان کی والدہ نے جس طرح ان کی تربیت کی ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے والد کے ساتھ بہت وقت گزارا، والد بھی مجھ سے خوش تھے، لیکن اس کے باوجود مجھے آج بھی افسوس ہے کہ والد کے ساتھ مزید وقت کیوں نہ گزار سکا، اسی ذاتی تجربے کی بنیاد پر میں نے نوجوان نسل کو والدین کے ساتھ وقت گزارنے کا مشورہ دیا تھا۔

جان ریمبو نے کہا ہے کہ میرے بیٹے احسن اور زین انتہائی فرمانبردار ہیں، اگر میں کبھی انہیں ڈانٹ بھی دوں تو دونوں 2 سے 3 دن تک میرا سامنا نہیں کر پاتے، میرے بیٹے قیمتی ہیرے ہیں اور میں نے اپنی زندگی میں ایسی اولاد نہیں دیکھی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پیجز سے اپیل کی کہ بچوں کے حوالے سے غلط باتیں پھیلانے سے گریز کیا جائے اور میرے نام سے جعلی مواد شیئر کرنے والے چینلز ایسی پوسٹس حذف کر دیں۔

پاکستانی فلم اسٹار اور کامیڈین افضل خان المعروف جان ریمبو اپنی مرحومہ والدہ کے آخری لمحات یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور بتایا کہ انتقال سے کچھ دیر قبل میں نے اپنی والدہ کو کلمہ پڑھایا تھا۔

ایک جذباتی گفتگو میں جان ریمبو نے بتایا کہ میں اپنی والدہ کے پاس موجود تھا، اس وقت ان کی آنکھیں اوپر کی جانب چڑھ رہی تھیں اور ڈاکٹر ان کا معائنہ کر رہا تھا۔

والدہ کی حالت دیکھ کر میں نے ڈاکٹر کو آہستہ سے ایک طرف کیا اور اپنی والدہ کو آواز دی، ’امی‘!

اداکار کے مطابق میری آواز سن کر والدہ نے اپنی آنکھیں میری جانب مرکوز کیں اور مجھے دیکھنے لگیں۔

جان ریمبو نے بتایا کہ میں نے محسوس کیا کہ والدہ کی طبیعت مزید بگڑ رہی ہے، جس پر میں نے ان کے کان کے قریب ہو کر نرمی سے کہا ’امی! پڑھیں ’لا الہٰ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ‘ والدہ نے مکمل کلمۂ طیبہ واضح انداز میں پڑھا اور اسے 3 مرتبہ دہرایا، یہ لمحہ میرے لیے انتہائی جذباتی تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں پلٹا تو تقریباً 10 سے 12 رشتے دار قریب کھڑے والدہ کی خیریت جاننے کے منتظر تھے، اس وقت والد نماز ادا کرنے کے لیے باہر گئے ہوئے تھے۔

اداکار نے بتایا کہ میں نے اہلِ خانہ کو اطلاع دی کہ والدہ کلمۂ طیبہ پڑھنے کے بعد انتقال کر گئیں۔