محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو کا شاندار کام کیا ہے: ڈاکٹر نسیم اشرف

—-فوٹو بشکریہ رپورٹر   

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا ہے کہ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو کا شاندار کام کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ انفرااسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔

ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو کا شاندار کام کیا ہے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل ریکارڈ مدت میں اسٹیڈیم کی تکمیل ایک قابلِ تعریف اقدام تھا، نئے قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، یہ اب دنیا کے بہترین کرکٹ اسٹیڈیمز میں شمار ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی موجودگی مستقبل میں پاکستان کے لیے آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

سابق چیئرمین پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی متاثر کن قرار دیا۔

ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں عالمی معیار کی سہولتیں، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے جامع منصوبہ بندی، نئے پویلین، سوئمنگ پول اور دیگر جدید سہولتیں مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ڈاکٹر نسیم اشرف نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں مختلف کنڈیشنز کے مطابق 20 پچز کی تیاری کو بھی اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی کنڈیشنز کے مطابق پریکٹس کی سہولت پاکستانی بیٹرز کے لیے بیرونِ ملک دوروں میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔

—فوٹو بشکریہ رپورٹر

ان کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی تیزی سے ایک مکمل عالمی معیار کی ہائی پرفارمنس سینٹر کی شکل اختیار کر رہی ہے، جو پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے خوش آئند ہے۔

ڈاکٹر نسیم اشرف نے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی نگرانی میں نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے درست سمت میں کام جاری ہے، عاقب جاوید کرکٹ کی بہترین سمجھ اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اس لیے ان کی قیادت میں مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی کہ اگر موجودہ نظام اور منصوبہ بندی کا تسلسل برقرار رہا تو آئندہ 3 سے 4 سال میں پاکستان کو ہر سطح پر 30 سے 40 باصلاحیت کھلاڑیوں کا مضبوط پول دستیاب ہو سکتا ہے۔