بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کے بنگلے جلسہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک ای میل میں متعدد مقامات جن میں امیتابھی رہائش گاہ، میئر آفس، پنجاب نیشنل بینک سمیت متعدد مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
ای میل میں ممبئی کے مہالکشمی اسٹیڈیم میں 27 نومبر کو مبینہ حملے کا بھی کہا گیا ہے اور لوگوں کو کسی شو میں شرکت کرنے یا لاوارث پڑے موبائل فون اٹھانے سے خبردار کیا گیا۔
امیتابھ بچن کو دھمکی دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ انہیں 31 دسمبر تک ان کی رہائش گاہ پر قتل کر دیا جائے گا۔
دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے نگرانی سخت کردی اور ای میل میں ذکر کیے گئے مقامات کی تلاشی لی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈز اور سیکیورٹی اہلکاروں نے مختلف مقامات کا معائنہ کیا، تاہم کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ حکام اب ای میل کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ تازہ دھمکی امیتابھ بچن کو 23 اکتوبر کو اسی نوعیت کی ایک ای میل موصول ہونے کے چند ہفتوں بعد سامنے آئی ہے۔ پرانے ای میل ممبئی کی میئر ریتو تاوڈے اور ڈپٹی میئر سنجے گھڑی کو بھی ارسال کی گئی تھی۔
ای میل میں 27 نومبر کو مہالکشمی ریس کورس میں گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے دوران ممکنہ حملے سے خبردار کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ممبئی پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔