بچن خاندان میں جائیداد کا تنازع، امیتابھ کے بنگلے کی ملکیت پر بھابھی نے دعویٰ کردیا

امیتابھ بچن (دائیں)، رمولا بچن (بائیں) – فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ‘جلسہ’ کے حوالے سے ایک حیران کن خاندانی تنازع سامنے آگیا۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن کی بھابھی رمولا بچن نے 1993ء کے اس تحفہ نامہ (Gift Deed) کو چیلنج کر دیا جس کے تحت اس بنگلے کی ملکیت جیا بچن کے نام منتقل کی گئی تھی۔

امیتابھ بچن کے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رمولا نے گزشتہ سات ماہ کے دوران رجسٹریشن حکام کے پاس متعدد شکایات درج کرائی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ ‘جلسہ’ بنیادی طور پر ان کے نام پر رجسٹرڈ تھا اور جیا بچن کے نام منتقلی کے عمل سے نہ تو وہ آگاہ تھیں اور نہ ہی ان کی رضامندی شامل تھی۔

یہ معاملہ اس وقت دوبارہ ابھرا جب مبینہ طور پر سرکاری ‘پراپرٹی کارڈ’ سے رمولا کا نام ہٹا کر جیا بچن کا نام درج کرنے کی کوشش کی گئی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ میں جیا بچن مالک ظاہر کی گئی ہیں، جبکہ سرکاری پراپرٹی کارڈ پر اب بھی رمولا کا نام درج ہے۔

شکایت میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ 1993ء کا گفٹ ڈیڈ سادہ کاغذ پر بغیر کسی اسٹامپ ڈیوٹی اور گواہوں کے تیار کیا گیا تھا، لہٰذا اس کی بعد میں ہونے والی رجسٹریشن مشکوک ہے۔

یہ تنازع اب اندھیری کے ڈپٹی رجسٹرار آف کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر پہنچ چکا ہے۔ ڈپٹی رجسٹرار فیاض ملانی نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے پر باقاعدہ سماعت شروع کر دی گئی اور فریقین سے جواب طلب کر لیا گیا ہے۔

ممبئی کی مشہور ترین رہائش گاہوں میں شمار ہونے والا بنگلہ ’جلسہ‘ (جس کا پرانا نام منسا تھا) 1982ء کی فلم ’ستے پہ ستا‘ کے معاوضے کے طور پر پروڈیوسر این سی سپی نے امیتابھ بچن کو دیا تھا۔

رمولا کے دعوے پر فی الحال امیتابھ اور جیا بچن نے کوئی ردِعمل نہیں دیا، جبکہ ابھیشیک بچن کے ترجمان نے اسے نجی خاندانی معاملہ قرار دیتے ہوئے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔