نوجوان بھارتی اداکار بابل خان نے سوشل میڈیا ٹرولنگ سے نمٹنے اور اپنے جذباتی مزاج پر خاموشی توڑ دی۔
مرحوم بھارتی اداکار عرفان خان کے بیٹے بابل خان اکثر اپنے جذباتی رویے اور انکساری کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں، جسے بعض لوگ ’اوور ایکٹنگ‘ یا ’بناوٹی‘ قرار دیتے ہیں۔
حال ہی میں ایک گفتگو کے دوران بابل خان نے ان تمام تبصروں پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
بابل خان نے 2024ء میں ایک تقریب کے دوران غلطی سے ایک خاتون کی تصویر کے سامنے آ جانے پر بار بار معذرت کرنے والی ویڈیو پر ہونے والی ٹرولنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’میرا وہ ردِعمل بالکل فطری تھا، تاہم اس وقت میرے اندر کچھ ہچکچاہٹ ضرور تھی کہ لوگ شاید اسے غلط رنگ دیں۔‘
انڈسٹری میں 6 سالہ تجربے پر بات کرتے ہوئے بابل نے کہا: ’میں جیسا ہوں ویسا ہی رہوں گا۔ اپنی اصل شخصیت کے ساتھ جینے پر مجھے بہت کچھ سہنا پڑا، لیکن اب مجھے کوئی پرواہ نہیں۔ تکلیف اب بھی ہوتی ہے مگر اس کا اثر بہت کم رہ گیا ہے۔ میں نے خود کو اس منفی تجربے سے الگ کر کے آگے بڑھنا سیکھ لیا ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے واضح کیا کہ لوگ اکثر میری حساس طبیعت کو میری کمزوری سمجھ بیٹھتے ہیں اور یہ فرض کر لیتے ہیں کہ وہ مشکل حالات کا سامنا نہیں کر سکتے، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
بابل خان نے اپنے کیریئر کا آغاز اپنے والد کی فلم ’قریب قریب سنگل‘ میں کیمرہ اسسٹنٹ کے طور پر کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے فلم ’قلعہ‘، ’دی ریلوے مین‘، ’فرائیڈے نائٹ پلان‘ اور ’لاگ آؤٹ‘ میں کام کیا۔
مختصر وقفے کے بعد اب وہ ایک نئی ویب سیریز اور ساؤتھ انڈین سنیما کی ایک فلم میں کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔