معروف امریکی اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں چل بسے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ میں اسٹیسی کیچ کی اہلیہ مالگوشیا ٹوماسی کیچ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اداکار کی موت پولینڈ میں اپنے گھر پر دل کی سنگین بیماری اور ہارٹ فیل ہونے کی وجہ سے ہوئی۔
اسٹیسی کیچ کا شمار امریکا کے ممتاز اسٹیج اداکاروں میں ہوتا تھا۔ اُنہیں مشہور امریکی ٹی وی سیریز ’مائیک ہیمر‘ میں جاسوس کے کردار کی وجہ سے عالمی سطح پر شہرت ملی۔
انہوں نے تھیٹر، فلم اور ٹیلی وژن پر کئی دہائیوں تک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اسٹیسی کیچ شیکسپیئر کے کلاسیک ڈراموں میں اداکاری کے باعث بھی نمایاں مقام رکھتے تھے۔
1984ء میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اسٹیسی کیچ کو کوکین اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ ان کے سامان سے شیو کرنے کے فوم کے ڈبے میں چھپائی گئی کوکین برآمد ہوئی تھی۔ انہیں 9 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم وہ تقریباً 6 ماہ بعد رہا ہوئے۔
اس واقعے نے ان کے کیریئر کو شدید متاثر کیا، لیکن بعد ازاں انہوں نے دوبارہ اداکاری کا سلسلہ شروع کیا۔
1988ء میں ٹیلی وژن منی سیریز ’ہیمنگوے‘ میں امریکی ادیب ارنسٹ ہیمنگوے کا کردار ادا کرنے پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ ملا، جبکہ ایمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔ اس کردار کے لیے انہوں نے تقریباً 16 کلوگرام وزن بڑھایا تھا۔
اُنہوں نے اپنا آخری نمایاں کردار جارج کلونی کی فلم ’جے کیلی‘ میں ادا کیا تھا، جس میں وہ کلونی کے تلخ مزاج والد کے روپ میں نظر آئے تھے۔