8 سال کی عمر میں 10 سے 20 روپے کمانے کیلئے کام کرتا تھا، منور فاروقی

معروف بھارتی کامیڈین، ریپر اور گلوکار منور فاروقی نے انکشاف کیا ہے کہ ذہین طالب علم ہونے کے باوجود وہ تعلیم جاری نہ رکھ سکے اور 8 سال کی عمر میں روزانہ 10 سے 20 روپے کمانے کے لیے کام کرتے تھے۔ 

جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ منور فاروقی نے اپنی زندگی کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بتایا کہ وہ پڑھائی میں کافی اچھے تھے اور تعلیم جاری رکھنا چاہتے تھے، لیکن نامساعد حالات کے باعث چھٹی جماعت کے بعد تعلیم جاری نہ رکھ سکے البتہ اس پر انہیں کبھی زیادہ مایوسی نہیں ہوئی کیونکہ اب پیچھے مڑ کر دیکھنے پر احساس ہوتا ہے کہ مجھے کام کرنے میں کتنی خوشی ملتی ہے۔

ریئلٹی شو لاک اپ، سیزن ون اور بگ باس 17 جیت کر شہرت حاصل کرنیوالے منور نے اپنی سادہ زندگی اور ابتدائی مشکلات پر کھل کر گفتگو کی اور بتایا کہ انہوں نے محض 8 سال کی عمر میں ایک چھوٹی سی دکان پر کام شروع کیا، جہاں انہیں روزانہ صرف 10 سے 20 روپے ملتے تھے۔ 

سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے پوڈکاسٹ سرونگ اپ ود ثانیہ میں گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب میں11 سال کا ہوا تو میں نے ایک گفٹ شاپ پر کام شروع کیا، جہاں تقریباً دو سے چار ماہ تک کام کیا۔ لیکن مجھے یاد ہے کہ میری پہلی باقاعدہ ملازمت برتنوں کی ایک دکان پر تھی۔

منور کے مطابق انہیں روزانہ کام کرنا پسند ہے اور وہ چھٹیاں کرنا پسند نہیں کرتے۔ مجھے کام کرنے، پیسے کمانے اور محنت کرنے میں خوشی ملتی ہے۔ میں اس سے نہیں تھکتا۔ لوگ اکثر مجھ سے کہتے ہیں کہ میں بہت محنت کرتا ہوں، لیکن میرا خیال ہے کہ ہر شخص میری جتنی ہی محنت کرتا ہے۔

منور فاروقی اپنی والدہ کے انتقال کے بعد نوعمری میں گجرات کے شہر جوناگڑھ سے ممبئی منتقل ہوگئے تھے۔ انہوں نے اپنے اور اپنے خاندان کی کفالت کے لیے مختلف ملازمتیں کیں، جس کے بعد انہیں کامیڈی کے شعبے میں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملا۔

انہوں نے اسٹینڈ اپ کامیڈی پرفارمنسز اور ڈیجیٹل مواد سے بتدریج اپنا کیریئر بنایا اور بالآخر ٹی وی کے رئیلٹی شوز میں شرکت کے بعد شہرت حاصل کی۔