قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں امریکا ایران تنازع کے پاکستان کی خلیجی ممالک سے تجارت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری تجارت جواد پال نے پاکستان کی خلیجی ممالک کو برآمدات پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ امریکا ایران تنازع کے دوران پاکستان کی خلیجی ممالک کو برآمدات میں کمی ریکارڈ ہوئی۔
بریفنگ کے مطابق مارچ تا جون 2026 خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 32.3 فیصد کمی ہوئی، مارچ تا جون 2025 خلیجی ممالک کو برآمدات 98 کروڑ 6 لاکھ ڈالر تھیں۔
بریفنگ کے مطابق رواں سال برامدات کم ہو کر 66 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہ گئیں، جولائی تا اکتوبر 2026 برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے 6.4 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔
بریفنگ کے مطابق جولائی تا اکتوبر خلیجی ممالک کو برآمدات 1 ارب 88 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے کم ہوکر 1 ارب 1کروڑ 91 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔
بریفنگ کے مطابق مارچ تا جون 2026 یو اے ای کو پاکستانی برآمدات میں 42.7 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی، اسی عرصے میں سعودی عرب کو برآمدات 1.7 فیصد اور عمان کو 25.1 فیصد کم ہوئیں۔
سیکریٹری تجارت کے مطابق خلیجی جنگ سے پاکستان کی تجارت متاثر ہوئی ہے، ایران پر پابندیوں کے خوف کے باعث بینک تجارت کیلئے تعاون نہیں کر رہے، ایران سے کچھ ایل پی جی آئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان کی زیادہ تجارت خلیجی ممالک سے متاثر ہوئی ہے، افغانستان سے تجارت بند ہونے کے باعث برآمدت میں ایک ارب ڈالر کمی ہوئی۔
سیکریٹری تجارت کے مطابق افغانستان کی راہداری سے وسطی ایشیائی ریاستوں کو برآمدات میں کمی ہوئی، پاکستان کی کینو اور آلو کی برآمدات متاثر ہوئیں۔
جاوید حنیف نے پوچھا تجارت بند کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟ سیکریٹری تجارت کہا کہ قومی سلامتی کی وجہ سے تجارت بند کی گئی۔
سیکریٹری تجارت نے کہا کہ قومی سلامتی سب سے اہم ہے، بھارت کے ساتھ تجارت 2019 سے بند ہے۔
جاوید حنیف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت دبئی سے ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا چین اور بھارت کے درمیان بھی گشیدگی ہے مگر تجارت روکی نہیں گئی۔