کونسا پاکستانی گانا اننیا پانڈے کا پسندیدہ ترین؟

بھارتی اداکارہ اننیا پانڈے — فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اننیا پانڈے نے پاکستانی موسیقی کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے مقبول پاکستانی گانے ’الفاظ‘ کو اپنا پسندیدہ گانا قرار دے دیا۔

پاکستانی گلوکار حمزہ ملک اور زین زوہیب کے اشتراک سے تیار کردہ اس گانے کی تعریف اننیا پانڈے نے سوشل میڈیا پر کی، جس کے بعد پاکستانی موسیقی ایک بار پھر سرحد پار توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

اننیا پانڈے نے اپنی اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں وہ سرخ رنگ کا روایتی لباس زیب تن کیے نظر آ رہی ہیں اور تصویر کے پس منظر میں پاکستانی گانا ’الفاظ‘ سنائی دے رہا ہے۔

انہوں نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ میرا پسندیدہ گانا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی گلوکار حمزہ ملک اور زین زوہیب کا گانا ’الفاظ‘ اپنی ریلیز کے بعد سے موسیقی کے شائقین میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

رومانوی انداز اور دلکش دھن کے باعث اس گانے کو پاکستان کے علاوہ بھارت اور دنیا کے کئی دیگر ممالک میں بھی پسند کیا جا رہا ہے۔

گانے کی مقبولیت میں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میوزک پلیٹ فارمز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستانی گانے’الفاظ‘ نے بین الاقوامی موسیقار اور ڈی جے ایلن واکر کی توجہ بھی حاصل کی ہے۔