بال جھڑنے، جھریاں پڑنے پر خوف زدہ نہ ہوں، خوش دلی سے قبول کریں: دیپک پروانی

فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر اور اداکار دیپک پروانی نے بوٹوکس اور پلاسٹک سرجری کے بڑھتے رجحان پر خیالات کا اظہارِ کیا ہے۔

حال ہی میں فیشن ڈیزائنر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اداکاروں میں کاسمیٹک سرجری کے بڑھتے رجحان اور اس کے حد سے زیادہ استعمال کے حوالے سے گفتگو کی۔

دیپک پروانی کا کہنا ہے کہ انسان کو عمر کے تقاضوں کو خوش دلی سے قبول کرنا چاہیے اور قدرتی انداز میں عمر بڑھنے کے عمل سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ بالوں کا جھڑنا، چہرے پر لکیریں اور جھریاں زندگی کے فطری مراحل ہیں، اس لیے ان سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔

فیشن ڈیزائنر نے کہا کہ ایک مخصوص عمر میں کاسمیٹک ٹریٹمنٹس کروانا قابلِ فہم ہے، لیکن ایک حد کے بعد یہ عمل غیر فطری دکھائی دینے لگتا ہے، انسان کو اپنی ظاہری شخصیت میں قدرتی پن برقرار رکھنا چاہیے۔

اداکار نے کہا کہ ایک دلچسپ کہاوت ہے کہ جو لوگ سرجری کے راستے پر چل پڑتے ہیں، وہ پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتے، جس طرح ٹیٹو بنوانے والے بعض افراد پورے جسم پر ٹیٹو بنوانے کے جنون میں مبتلا ہو جاتے ہیں، اسی طرح سرجری کے شوقین افراد بھی اس عمل کے بغیر نہیں رہ پاتے۔

انہوں نے ہالی ووڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں متعدد شخصیات ضرورت سے زیادہ کاسمیٹک طریقۂ علاج کروانے کے باعث غیر فطری اور ناقابلِ شناخت دکھائی دینے لگی ہیں، حتیٰ کہ ان کے چہروں کی اصل ساخت بھی تبدیل ہو چکی ہے۔

دیپک پروانی نے کہا کہ جو اداکار بوٹوکس کے ذریعے اپنے چہرے کی جلد کو کھنچوا لیتے ہیں، وہ اپنے کرداروں کے لیے مناسب تاثرات کیسے دے سکتے ہیں؟ اداکار اور اداکارہ کے لیے چہرے کے تاثرات کے ذریعے جذبات کی ترجمانی کرنا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے کبھی ہیئر ٹرانسپلانٹ کروانے کے بارے میں سنجیدگی سے نہیں سوچا، جب بھی میں نے اسٹائلسٹس یا سینئر ہیئر ڈریسرز سے مشورہ کیا تو سب نے یہی کہا کہ میں گنجے سر کے ساتھ بھی اچھا لگتا ہوں، اسی لیے میں نے بالوں کی پیوندکاری نہیں کروائی۔

فیشن ڈیزائنر نے بتایا کہ گزشتہ برس ترکی کے سفر کے دوران میں نے جہاز میں کچھ گنجے افراد کو ہیئر بینڈ پہنے دیکھا تو ایک لمحے کے لیے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروانے کا خیال آیا، تاہم بعد میں میں نے یہ ارادہ ترک کر دیا اور قدرتی انداز میں عمر بڑھنے کے عمل کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس کے علاوہ دیپک پروانی نے انکشاف کیا کہ مجھے ایک مرتبہ آنکھوں کو بڑا دکھانے کے لیے سرجری کروانے کی پیشکش بھی کی گئی تھی، تاہم میں نے اسے مسترد کر دیا تھا۔