ویڈیو کلپس وائرل ہونے پر ذہنی پریشانی و ہراسانی کا احساس ہوا تھا: مایا خان

مایا خان—فائل فوٹو

پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان مایا خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ویڈیو کلپس وائرل ہونے پر مجھے ذہنی پریشانی اور ہراسانی کا احساس ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب میں کسی دوسرے کو خود پر اثرانداز ہونے کا موقع نہیں دیتی۔

مایا خان کے ماضی کے پروگرامز کی ویڈیوز وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں، جن پر اداکارہ نے حالیہ انٹرویو کے دوران خاموشی توڑ دی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتداءمیں جب کوئی شخص میرے ماضی کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل کرتا تھا تو میں بے چینی محسوس کرنے لگتی تھی اور یوں محسوس ہوتا تھا جیسے مجھے ہراساں کیا جا رہا ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ میں سوچتی تھی کہ آخر ایسا کیوں کیا جا رہا ہے، ان واقعات کا میری ذہنی صحت پر بھی منفی اثر پڑتا تھا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ میرے رویے میں تبدیلی آئی ہے اور اب میں کسی کو یہ اختیار نہیں دیتی کہ وہ مجھ پر حاوی ہو یا میرا ذہنی سکون متاثر کرے۔

مایا خان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی میرا ماضی سامنے لانا چاہتا ہے یا پرانی ویڈیوز شیئر کرنا چاہتا ہے تو وہ ایسا کرنے کے لیے آزاد ہے، اب مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔