سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے بک ٹور منسوخ کر دیا، پبلشر کی تردید

سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ—فائل فوٹو

سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی آٹو بائیو گرافی کی تشہیر کے لیے ترتیب دیا گیا بک ٹور منسوخ کر دیا۔

 آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بک ٹور میں ٹی وی، ریڈیو اور دیگر انٹرویوز شامل تھے۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کے 1 انٹرویو سے سنسنی خیزی بڑھنے کے بعد بک ٹور منسوخ کیا گیا ہے، گزشتہ روز 1 انٹرویو میں عثمان خواجہ بال ٹیمپرنگ سینڈ پیپر اسکینڈل کے بارے میں تند و تیز سوالات کے جواب نہیں دے سکے تھے۔

کتاب کے پبلشر نے بک ٹور کی مکمل منسوخی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیڈول میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں، بک ٹور 100 فیصد جاری رہے گا اور کوئی بڑی منسوخی نہیں ہوئی۔

پبلشر کے مطابق عثمان خواجہ مزید انٹرویوز بھی دیں گے۔

عثمان خواجہ کی کتاب کے باب ’سینڈ پیپر‘ نے آسٹریلوی کرکٹ میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، عثمان خواجہ کا دعویٰ ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے سے سب آگاہ تھے۔

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں 3 آسٹریلوی کرکٹرز کو سزائیں دی گئی تھیں، ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے دعوے کی حمایت کی، جبکہ مچل اسٹارک نے ان کے مؤقف کی تردید کر دی ہے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔