ساؤتھ کے معروف اداکار پون کلیان کی اہلیہ انا کونیڈالا نے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کرنے کے بعد اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کردیا۔ یہ پیش رفت دونوں کی جانب سے علیحدگی کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔
یہ اقدام بظاہر اس وقت سامنے آیا جب دونوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے 13 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مارچ 2026 میں انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ اوپن کرنیوالی انا نے اپنا اکاؤنٹ کب ڈی ایکٹیویٹ کیا۔
گزشتہ شب پون کلیان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں دونوں نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ باہمی افہام و تفہیم اور احترام کے ساتھ کیا ہے۔ اگرچہ ہماری ازدواجی زندگی اختتام پذیر ہوگئی ہے، لیکن ہم اچھے دوست اور اپنے پیارے بچوں کے مخلص والدین رہیں گے۔ ان کی خوشی اور فلاح و بہبود ہمیشہ ہماری مشترکہ ترجیح رہے گی۔
دونوں نے اپنے خیرخواہوں سے مخاطب ہوتے ہوئے اس ذاتی تبدیلی کے دوران ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی بھی درخواست کی۔
واضح رہے کہ یہ پون کلیان کی تیسری شادی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے 1997 میں نندنی سے شادی کی تھی جو 1999 میں ختم ہوئی۔
بعد ازاں 2009 میں اداکارہ رینو ڈیسائی سے شادی کی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ تاہم 2012 میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہوگئی۔ 2013 میں پون کلیان نے روسی نژاد انا سے شادی کی، جن سے انکے دو بچے ہیں۔