بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
بھارت کے 36 سالہ محمد شامی نے سوشل میڈیا پر اپنے جذباتی پیغام کے ذریعے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔
محمد شامی نے 2013ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور آخری ٹیسٹ اوول کے میدان پر جون 2023ء میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔
انہوں نے 10 سالہ کیریئر میں بھارت کی جانب سے 64 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 229 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی فاسٹ بولر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میرے لیے محض ایک فارمیٹ نہیں بلکہ زندگی کا انتہائی خاص حصہ رہا ہے، اس سفر میں ملنے والی ہر وکٹ، ہر مشکل، انجری اور کم بیک نے بہت کچھ سکھایا۔