میرے شو میں مہمان ذاتی زندگی پر کھل کر بات کرنے سے گریز کرنے لگے ہیں: کرن جوہر

—فائل فوٹو

بھارتی فلمساز اور میزبان کرن جوہر نے کہا ہے کہ ماضی میں ان کے شو ’کافی ود کرن‘ سے جڑے تنازعات کے باعث اب شوبز شخصیات پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زیادہ محتاط رہتی ہیں۔

54 سالہ کرن جوہر ان دنوں ’کافی ود کرن‘ کے آخری سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔

 انہوں نے بتایا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ شو میں شرکت کرنے والے مہمان اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کرنے سے گریز کرنے لگے ہیں تاکہ ان کا کوئی بیان تنازع کا سبب نہ بنے۔

ایک خصوصی انٹرویو میں کرن جوہر کا کہنا تھا کہ اب شو کی گفتگو میں پہلے جیسی بے باکی نہیں رہی اور بات چیت کا انداز بھی نسبتاً محتاط ہوگیا ہے، جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ فنکار کسی بھی ممکنہ تنازع سے خوفزدہ رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ شو میں کوئی مہمان معمولی سی بات بھی کردے تو وہ بڑی خبر بن جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں تعلقات عامہ کے حوالے سے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں، جس سے کوئی بھی فنکار بچنا چاہتا ہے۔