عالمی بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان کا مجموعی بیرونی قرض گزشتہ 10 سال کے دوران تقریباً دگنا ہو گیا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا بیرونی قرض 2015ء میں تقریباً 69 ارب ڈالرز تھا جو 2025ء میں بڑھ کر 135 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ذمے سرکاری اور حکومتی ضمانتوں کے تحت 107 ارب ڈالر سے زائد قرض واجب الادا ہے جبکہ نجی شعبے کا غیر ضمانتی بیرونی قرض 17.58 ارب ڈالرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے قلیل مدتی بیرونی قرضوں کا حجم بھی بڑھ کر 10.45 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا۔
عالمی بینک کے مطابق 2025ء میں چین نے پاکستان کے 2 ارب ڈالرز قرض کی مدت میں توسیع کی جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ نے توسیعی فنڈ اور پائیداری سہولت پروگرام کے تحت پاکستان کو 2.3 ارب ڈالرز کی نئی ادائیگیاں جاری کیں۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ذمے 16.83 ارب ڈالرز واجب الادا ہیں۔