پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور منتقل ہونے کی خواہش پر خوش آمدید کہہ دیا۔
حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دیپک پروانی نے اپنی ایک پوسٹ میں لاہور کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی)، ایم ایم عالم روڈ، مین بلیوارڈ اور ایئر پورٹ کے داخلی راستے کو سراہا۔
فیشن ڈیزائنر نے بالخصوص شہر کے انڈر پاسز اور سرسبز ماحول کی تعریف کی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ لاہور منتقل ہونے کا وقت آ گیا ہے، سی بی ڈی، ایم ایم عالم روڈ، مین بلیوارڈ اور ایئر پورٹ کا داخلی راستہ، خوبصورت انڈر پاسز اور ہریالی سب کچھ ہی ایک مختلف معیار کا ہے، اس کے برعکس کراچی تاریک، افسردہ کُن، گڑھوں سے بھرا اور بدصورت ہے، شہر یقیناً بہت پیچھے رہ گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیپک پروانی کی پوسٹ پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھائی! آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں حالیہ برسوں کے دوران بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن میں روٹ 47 بھی شامل ہے۔
یہ منصوبہ نو تعمیر شدہ سی بی ڈی مین بلیوارڈ اور فلائی اوور کے ذریعے کلمہ چوک اور گلبرگ کو والٹن روڈ سے ملاتا ہے۔