شاہ رخ خان نے فلم ’دل سے‘ کی شوٹنگ میں میری جان بچائی، میں نے انہیں چوٹ پہنچائی: اداکارہ میتا وششت

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کے ساتھ ان کے حسنِ اخلاق اور دوسروں کا خیال رکھنے کی عادت کے بھی چرچے رہتے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ میتا وششت نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان نے 1998ء میں فلم ’دل سے‘ کی شوٹنگ کے دوران مجھے ایک بڑے حادثے سے بچایا تھا۔

بھارتی ویب سائٹ اسکرین کو انٹرویو دیتے ہوئے میتا وششت نے بتایا ہے کہ میں اس سے قبل 1992ء کی فلم ’دی ایڈیٹ‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کر چکی تھی، تاہم فلم ’دل سے‘ کے دوران دوبارہ ملاقات پر شاہ رخ خان نے مجھے انتہائی گرم جوشی سے خوش آمدید کہا اور شوٹنگ کے دوران بھی میرا خاص خیال رکھا۔

اداکارہ کے مطابق فلم کی شوٹنگ بھارتی شہر ڈلہوزی میں شدید سرد موسم کے دوران جاری تھی، میں ایک منظر میں اے کے 47 رائفل اٹھائے شاہ رخ خان کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر ایک دشوار گزار راستے سے گزار رہی تھی۔

میتا وششت نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران مجھے پیچھے ہٹنے کی ہدایت دی گئی، سردی کے باعث مجھے ایسے جوتے پہنائے گئے تھے جن کے تلوے پلاسٹک کے تھے اور زمین کی سطح کا درست اندازہ لگانا مشکل تھا، آہستہ آہستہ پیچھے ہٹتے ہوئے میں اچانک ایک گہری کھائی کے کنارے پہنچ گئی اور نیچے گرنے والی تھی کہ شاہ رخ خان نے فوری طور پر میری جیکٹ پکڑ کر مجھے پیچھے کھینچ لیا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کے فوری ردِعمل نے میری جان بچائی، کیونکہ رائفل کے وزن اور ڈھلوان کی وجہ سے میں گہری کھائی میں گر سکتی تھی۔

 انہوں نے شاہ رخ خان کو انتہائی چوکنا، خیال رکھنے والا اور محبت کرنے والا انسان قرار دیا۔

میتا وششت نے فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک طویل لڑائی کے منظر میں مجھے آخری حربے کے طور پر شاہ رخ خان کے سر پر چھوٹے پتھر سے ضرب لگانی تھی، تاہم پتھر ہاتھ سے پھسل گیا اور اداکار کے سر پر معمولی زخم آ گیا، اس واقعے پر سیٹ پر موجود دیگر افراد پریشان اور ناراض ہو گئے، لیکن شاہ رخ خان نے انتہائی محبت اور شفقت کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ 1998ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’دل سے‘ کی کہانی اور ہدایت کاری منی رتنم نے کی تھی۔

 فلم میں شاہ رخ خان، منیشا کوئرالہ اور پریتی زنٹا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ اس کی موسیقی اے آر رحمٰن نے ترتیب دی تھی، فلم کا مشہور گانا ’چھیاں چھیاں‘ آج بھی مقبول ہے۔