ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ، دوسرے روز پاکستان مینز ٹیم کی جنوبی کوریا کو شکست

اسلام آباد میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستان مینز ٹیم نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستان مینز ٹیم نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 0-3 سے ہرایا۔ 

پاکستان کے نور زمان نے جیونگ من ریو کو 11-8، 7-11، 11-8 اور 11-6 سے ہرایا، اصحاب عرفان نے جو ینگ نا کو 11-9، 11-8 اور 11-8 سے جبکہ عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 11-9، 11-9 اور 11-3 سے شکست دی۔

ویمنز مقابلے میں پاکستان کو ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ چین کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دیگر مقابلوں میں ایران نے ویمنز میں جنوبی کوریا کو 1-2 سے جبکہ ملائیشیا نے مینز میں ہانگ کانگ چین کو 0-3 سے شکست دی۔

پاکستان ویمنز ٹیم کل ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔