ابھیجیت کی لپ سنگنگ کی مخالفت، ہمیشہ لائیو گانے کا عزم

معروف بالی ووڈ سنگر ابھیجت بھٹاچاریہ نے لپ سنگنگ کی شدید مخالفت کی اور ہمیشہ لائیو گانے کا عزم ظاہر کردیا۔

68 سالہ گلوکار نے چھتیس گڑھ میں لائیو کنسرٹ کے دوران کہا کہ چاہیے میری آواز خراب ہو، گلا تھکا ہوا ہو یا بے سرا گا دوں لیکن ہمیشہ لائیو ہی پرفارم کروں گا۔

انہوں نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو کبھی دھوکا نہیں دوں گا، شائقین اپنا وقت اور پیسہ خرچ کرتے ہیں، شو آرگنائزر محنت کرتے ہیں، ایسے میں گانے کے نام پر صرف منہ ہلانا اپنے چاہنے والوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

معروف گلوکار کا یہ ردعمل اتراکھنڈ میں دلیر مہندی کے شو کے دوران پیدا تنازع کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں صوبائی وزیر نے دلیر مہندی پر نشے میں ہونے اور لپ سنگنگ کا الزام لگا کر پرفارمنس رکوادی تھی ۔

ابھیجیت بھٹاچاریہ نے صوبائی وزیر کے موقف کی تائید کی اور شائقین اور منتظمین پر زور دیا کہ وہ لائیو شوز کے نام پر جعلی پرفارمنس کی بالکل اجازت نہ دیں۔