سیکریٹری خزانہ نے کہا ہے کہ ملکی قرضوں کی اوسط میعاد جون 2026ء میں 3 اعشاریہ 8 سال ہوگئی ہے۔
اسام آباد سے جاری بیان میں سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ مالی سال2028ء تک ملکی قرضوں کی اوسط میعاد 4 اعشاریہ 2 سال تک بڑھانے کا ہدف مقرر ہے۔
سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2027ء کے لیے مجموعی بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں 21 اعشاریہ 5 ارب ڈالر ہیں، اس دوران 17 اعشاریہ 5 ارب ڈالر اصل زر اور 4 ارب ڈالر سود کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دوطرفہ قرضوں کے رول اوور سے 7 اعشاریہ 3 ارب ڈالر کی ادائیگیوں کا بوجھ کم کیا گیا، رول اوور کے بغیر بیرونی ادائیگیاں تقریباً 14 ارب ڈالر بنتی ہیں۔
سیکریٹری خزانہ کے مطابق بیرونی قرضوں کی کمرشل ری فنانسنگ کے تحت 3 اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کم کی گئیں، قرضوں کے رول اوور اور ری فنانسنگ کے بعد خالص بیرونی ادائیگیاں تقریباً 11 ارب ڈالر رہ گئیں۔
بیان کے مطابق مالی سال 2027ء کے پہلے 4 ماہ میں تقریباً 5 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، باقی عرصے میں تقریباً 6 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں باقی ہیں۔
سیکریٹری خزانہ کے مطابق قرضوں کے لیے سرمایہ کاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، مجموعی سرکاری قرضوں میں بیرونی قرضوں کا تناسب 40 فیصد کی حد سے کم رکھنے کا ہدف مقرر ہے۔