رانا عابد حسین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے جاپان اور جنوبی کوریا کے صدر مقرر

ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے صدر سید خرم شاہ نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کو اہم ذمہ داری سونپتے ہوئے تنظیم کا جاپان اور جنوبی کوریا کے لیے صدر مقرر کردیا ہے۔

اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے کے تحت ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن اور پاک جاپان بزنس کونسل یورپ، جاپان اور جنوبی کوریا میں پاکستان کے مفادات کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گی۔ دونوں تنظیمیں عوامی روابط مضبوط بنانے، کاروباری تعاون بڑھانے اور تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مشترکہ کردار ادا کریں گی۔

رانا عابد حسین نے اعتماد کا اظہار کرنے پر سید خرم شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو پاکستان کی خدمت کا موقع سمجھتے ہیں۔ دونوں تنظیموں کا تعاون پاکستانی کاروباری برادری کے رابطوں کو وسعت دینے اور باہمی تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

یورپ کی معروف سماجی شخصیت اور تمغۂ خدمت کے حامل سینئر رہنما پرویز اقبال لوسر نے رانا عابد حسین کو اس اہم تقرری پر مبارکباد پیش کی اور نئی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔