کرینہ کپور نے شاہ رخ کیساتھ ’کنگ‘ کی پہلی جھلک شیئر کردی

کولاج فوٹو: سوشل میڈیا

نامور بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی نئی فلم ’کنگ‘ کی پہلی جھلک شیئر کردی۔

بالی ووڈ کی سدا بہار جوڑی شاہ رخ خان اور کرینہ کپور ایک بار پھر پردے پر ساتھ جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔

کرینہ کپور نے شاہ رخ خان کی سالگرہ کے خاص موقع پر اپنی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے فلم میں اپنی شمولیت کی تصدیق کردی۔

شاہ رخ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کرینہ نے لکھا، ’سالگرہ مبارک ہو کنگ! سلطنت کے ہمیشہ کے حکمراں۔ چلیے ساتھ میں ڈانس کرتے ہیں۔۔۔ انتظار نہیں ہوتا۔ تاریخ: 24-12-26‘

کرینہ کپور کی اس پوسٹ پر شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے فوری طور پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’یہ بہت زبردست ہونے والا ہے!‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’کنگ‘ میں کرینہ کپور مرکزی کردار میں نہیں بلکہ ایک خصوصی منظر میں جلوہ گر ہوں گی جو کہ ایک گانا ہے۔ 

اس گانے کا نام ’ڈیڈی کول‘ بتایا جا رہا ہے جس کی شوٹنگ رواں ماہ کے آخر میں جنوبی افریقہ میں کی جائے گی۔

اس گانے کی موسیقی ’سچن۔جگر‘ نے ترتیب دی ہے اور اس میں ایک بھارتی فنکار کے ساتھ ایک بین الاقوامی آرٹسٹ کے بھی شامل ہونے کی توقع ہے، جسے فلم کا ایک بڑا میوزیکل ہائی لائٹ بنایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان اور کرینہ کپور فلم اشوکا، کبھی خوشی کبھی غم اور را-ون جیسی فلموں میں مرکزی کرداروں میں نظر آئے، لیکن فلم ’اوم شانتی اوم‘ اور ’بلو باربر‘ میں دنوں ایک گیت میں بھی ساتھ پرفارم کرچکے ہیں۔