بھارتی گلوکارہ و اداکارہ کی طلاق کے 7 سال بعد فٹنس ٹرینر سے شادی کی تیاری

بھارتی گلوکارہ و اداکارہ ریمی ٹومی ایک بار پھر شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے تیار ہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز کی ایک سیریز میں انہوں نے انکشاف کیا کہ طلاق کے سات سال بعد وہ جلد ہی دوسری بار شادی کرنے جا رہی ہیں۔

اپنے ہونے والے شوہر کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ریمی نے کہا کہ وہ کوئی اداکار یا لکھ پتی نہیں ہیں بلکہ ممبئی کے ایک فٹنس ٹرینر ہیں جن کا نام لبن میتھیو ہے۔ انہوں نے نومبر میں ہونے والی اپنی شادی کا کارڈ بھی دکھایا۔

لبن کا تعارف ممبئی میں مقیم ایک ملیالی باڈی بلڈر اور فٹنس ٹرینر کے طور پر کرواتے ہوئے ریمی نے انکشاف کیا کہ وہ ان کے کوچ بھی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری پہلی بار بات 10 مارچ کو فون پر ہوئی تھی اور 14 مارچ کو لی گئی ایک تصویر ہم نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھی۔ وہ ہماری پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔

ریمی نے 27 اپریل 2008 کو بزنس مین روئس کزہاکوڈن سے شادی کی تھی۔ شادی کے 11 سال بعد 2019 میں اس جوڑے نے باہمی رضامندی سے طلاق کی درخواست دائر کر دی تھی۔

ریمی نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹیلی ویژن پر موسیقی کے پروگراموں کی اینکر کے طور پر کیا تھا۔ بطور اداکارہ ان کی پہلی فلم 2013 کی ’5 سندریکال‘ تھی، وہ فی الحال ’فلاورز ٹاپ سنگر‘ کی جج ہیں۔