پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر محمد یوسف نے قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی سے قبل اپنی بیٹنگ تکنیک میں موجود خامیوں کو دور کریں اور انگلینڈ یا آسٹریلیا میں کسی خصوصی کرکٹ اکیڈمی سے تربیت حاصل کریں۔
محمد یوسف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ بابر اعظم کو تکنیکی مسائل حل کیے بغیر فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل ناکامی ان کے اعتماد اور کیریئر کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہے۔

سابق کرکٹر نے لکھا ہے کہ بابر اعظم کو انگلینڈ یا آسٹریلیا کی کسی اکیڈمی میں بھیجا جائے جہاں وہ ماہر کوچز کی رہنمائی میں اپنی بیٹنگ تکنیک بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے بابر اعظم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور درست رہنمائی اور معمولی محنت کے ساتھ اپنی سابقہ فارم بحال کر سکتے ہیں۔
محمد یوسف نے لکھا ہے کہ میں نے 4 سال قبل بھی یہی مشورہ دیا تھا، لیکن اس وقت کسی نے میری بات پر توجہ نہیں دی تھی۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کی حالیہ خراب فارم ایک بار پھر موضوعِ بحث بن ہوئی ہے۔
وہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی سہ ملکی سیریز میں 5 میچز کے دوران صرف 118 رنز بنا سکے۔
بابر اعظم کا اسٹرائیک ریٹ 74.21 رہا اور وہ کسی بھی اننگز میں نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
محمد یوسف کا یہ مشورہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بابر اعظم قائدِاعظم ٹرافی میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
ان کی ٹیم کا مقابلہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں فاٹا کی ٹیم سے 3 نومبر کو متوقع ہے۔
اس کے علاوہ بابر اعظم کو 9 نومبر سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھی پاکستان کی قیادت کرنی ہے۔