عتیقہ اوڈھو کے بیٹے نے انہیں اسکول آنے سے کیوں روکا تھا؟

اداکارہ عتیقہ اوڈھو — اسکرین گریب

پاکستانی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد میرے بیٹے نے مجھ سے وعدہ لیا تھا کہ میں کبھی ان کے اسکول نہیں جاؤں گی۔

عتیقہ اوڈھو کا شمار ملک کی معروف اور سینئر اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے کئی مقبول ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر پوڈکاسٹ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے اور اپنی پہلی پوڈکاسٹ میں انہوں نے اداکار جنید خان کو بطور مہمان مدعو کیا، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی نجی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ جب میں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو میرے بیٹے نے مجھے اسکول آنے سے منع کر دیا تھا۔

اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ جب میں نے 1990ء کی دہائی کے اوائل میں شوبز انڈسٹری میں کام شروع کیا تو میرے بچے بہت چھوٹے تھے، ایک وقت ایسا بھی آیا جب پاکستان میں میرا نام بہت مشہور ہو چکا تھا، اس وقت میرا بیٹا ایچی سن میں زیرِ تعلیم تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میرے بیٹے نے مجھ سے قسم اور وعدہ لیا کہ میں کبھی اس کے اسکول نہیں جاؤں گی، اس نے مجھ سے کہا تھا کہ امی، آپ کبھی ایچی سن نہیں آئیں گی، میں نہیں چاہتا کہ میرے کلاس فیلوز آپ کو وہاں دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ لڑکوں کے ساتھ یہ ایک الگ مسئلہ ہوتا ہے، وہ اپنی بات پر بالکل واضح تھا، میں کبھی اس کے اسکول نہیں جا سکی، ایسی صورتِ حال لڑکوں کے لیے بعد میں مسئلہ بن جاتی ہے۔