انتظامیہ کی نااہلی دلجیت دوسانجھ بہار میں کنسرٹ کرنے سے محروم

گلوکار دلجیت دوسانجھ — فائل فوٹو

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کا کہنا ہے کہ میں بہار میں کنسرٹ کرنا چاہتا ہوں، تاہم وہاں کی انتظامیہ نے شرط رکھ دی ہے کہ وہاں میں خود ہجوم کو سنبھالنے کی ذمے داری اٹھاؤں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کو ان دنوں بھارت میں اپنے کنسرٹس کے انعقاد کے حوالے سے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مشکلات کا سامنا ہے۔

لوور جیسے مقبول گانے سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار نے دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث دہلی میں میرا کنسرٹ رکوانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم اضافی سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک پلان میں تبدیلی کے بعد بالآخر دارالحکومت میں کنسرٹ منعقد ہوا۔

اب دلجیت دوسانجھ کو بہار میں بھی اسی نوعیت کی صورتحال کا سامنا ہے۔ گلوکار کی خواہش ہے کہ وہ بہار میں بھی پرفارم کریں۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پنجابی گلوکار نے اس حوالے سے بھی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بہار جانے کی کوشش کی تھی، پچھلی بار بھی وہاں کنسرٹ کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہجوم کو سنبھالنا مشکل ہو گا، انہوں نے ہم سے پوچھا کہ کیا ہم اس کی ذمے داری خود لیں گے؟

دلجیت نے بتایا کہ میں نے انتظامیہ سے کہا کہ ہجوم کو سنبھالنے کی ذمے داری حکام کو خود اٹھانی چاہیے، تاہم انتظامیہ اس معاملے سے پیچھے ہٹ رہی ہے، اسی لیے میں فی الحال وہاں کنسرٹ نہیں کر سکوں گا۔

گلوکار نے مزید کہا کہ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ اتنے بڑے ہجوم کو سنبھالنا آسان نہیں ہوتا، یہ کوئی چھوٹی سی تقریب نہیں بلکہ ہزاروں لوگوں کا بہت بڑا مجمع ہوتا ہے، مجھے تمام انتظامی اور لاجسٹک معاملات کو بھی مدنظر رکھنا پڑتا ہے، یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے دہلی میں کوئی بڑا ایونٹ منعقد کرنا۔

واضح رہے کہ نینا جیسے مقبول گانے کے گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے ’آورا ٹور 2026ء‘ کے بھارتی مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔