گالفر احمد بیگ کی یورپین ٹور تک رسائی کی جانب اہم پیش قدمی

پاکستانی گالفر احمد بیگ کی یورپین ٹور تک رسائی کی جانب اہم پیش قدمی، کوالیفائنگ اسکول کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی۔

اسپین کے شہر المیریا میں ڈیزرٹ اسپرنگز ریزورٹ میں کھیلے گئے دوسرے مرحلے میں احمد بیگ نے ستائیس انڈر پار کے مجموعی اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

احمد بیگ نے چار راؤنڈز میں 67، 63، 65 اور 66 کے اسکور بنائے، ان کا مجموعی اسکور 261 رہا۔

پاکستانی گالفر نے انگلینڈ کے جیک یول اور زمبابوے کے کیرن ونسنٹ کو پانچ اسٹروکس کے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا، دونوں گالفرز نے 22 انڈر پار کے ساتھ مشترکہ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

دوسرے مرحلے میں کامیابی کے بعد احمد بیگ ڈی پی ورلڈ ٹور کوالیفائنگ اسکول کے فائنل مرحلے میں پہنچ گئے ہیں، جو 6 سے 11 نومبر تک اسپین کے انفینیٹم ریزورٹ میں کھیلا جائے گا۔

ڈی پی ورلڈ ٹور، جو اس سے قبل یورپین ٹور کہلاتا تھا، کے 2027 سیزن میں کھیلنے کے مواقع حاصل کرنے کے لیے فائنل مرحلے میں ٹاپ 15 کھلاڑیوں اور ان کے ساتھ برابر پوزیشن حاصل کرنے والے گالفرز کو مواقع ملیں گے، جبکہ ان کھلاڑیوں کو ہوٹل پلانر ٹور کی مکمل رکنیت بھی حاصل ہوگی۔

احمد بیگ اب فائنل مرحلے میں عمدہ کارکردگی دکھا کر عالمی پروفیشنل گالف کے بڑے سرکٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔