نامور بھارتی اداکار امیتابھ بچن اپنے مداحوں سے ملاقات کےلیے شیشے کے کیبن کا استعمال کرنے لگے ہیں۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن نے اتوار کے روز اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ممبئی میں واقع اپنے بنگلے ’جلسہ‘ کے باہر آ کر مداحوں کا دیدار کرایا، لیکن حالیہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اس بار ان کے دیدار کا انداز قدرے مختلف رہا۔
ماضی کے برعکس اس اتوار کو امیتابھ بچن نے باہر آنے کے بجائے ایک شفاف حفاظتی شیشے کے خول کے اندر کھڑے ہو کر مداحوں کو ہاتھ ہلایا اور اپنے روایتی انداز میں ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر امیتابھ بچن کے بیٹے اور معروف اداکار ابشک بچن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ابھیشیک نے والد کے بالکل پیچھے کھڑے ہو کر ہجوم پر کڑی نگاہ رکھی اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
یہ اضافی حفاظتی اقدامات حال ہی میں ممبئی پولیس کو موصول ہونے والی اس دھمکی آمیز ای میل کے بعد اٹھائے گئے ہیں، جس میں اداکار کے بنگلے کو نشانہ بنانے کی بات کہی گئی تھی، جس پر پولیس نے تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق انہیں آرام کی ضرورت ہے، تاہم مداحوں سے محبت کی یہ روایت انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود جاری رکھی ہے۔