پاکستانی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ اب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ کسی بھی رشتے میں محبت خریدنی پڑتی ہے۔
بشریٰ انصاری اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے روز مرہ کے یوٹیوب وی لاگز کے لیے بھی خاصی مقبول ہیں، جن میں وہ مداحوں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں سینئر اداکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک وی لاگ شیئر کیا، جس میں انہوں نے معاشرے کی ایک تلخ حقیقت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب لوگوں کو دوسروں کی اہمیت کا احساس اسی وقت ہوتا ہے جب ان پر پیسہ خرچ کیا جائے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ خونی رشتے بھی اب بے رحم ہوتے جا رہے ہیں، اب مجھے لگتا ہے کہ آپ کو اپنے رشتوں اور عزیزوں سے محبت حاصل کرنے کے لیے بھی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے رشتوں پر پیسہ خرچ کرتے رہیں اور انہیں مہنگے تحائف دیتے رہیں تو ہی ان کے ساتھ آپ کا تعلق برقرار رہتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اسی طرح یہی معاملہ بچوں کے ساتھ بھی ہے، اگر آپ انہیں محبت دینے کے ساتھ ساتھ ان پر زیادہ خرچ بھی کریں گے تو وہ آپ کا زیادہ خیال رکھیں گے، دوستوں کے معاملے میں بھی یہی صورتِ حال ہے، اگر آپ ان پر خرچ نہیں کریں گے تو وہ آپ سے دور ہو جائیں گے۔
اداکارہ نے کہا کہ گویا اب لوگوں سے محبت حاصل کرنے کے لیے بھی قیمت چکانا پڑتی ہے، رشتوں، دوستوں اور بچوں سے محبت، خلوص اور حقیقی وابستگی حاصل کرنے کے لیے آپ کو کچھ نہ کچھ ادا کرنا پڑتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے یہ بھی بتایا کہ مفاد پرست دوستوں کے درمیان میری زندگی میں چند ایسی مخلص دوستیاں بھی موجود ہیں، جنہوں نے کبھی مجھ سے کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا اور زندگی کے ہر مرحلے میں میرا ساتھ دیا۔